کھیل

جہانگیر خان ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے اعزازی صدر مقرر

ایسٹ لندن: لیجنڈری اسکواش کھلاڑی جہانگیر خان کو ورلڈ اسکواش فیڈریشن کا 4 سال کے لیے اعزازی صدر مقرر کردیا گیاہے۔

سابق عالمی چمپئین اسکواش اور پاکستانی لیجنڈ جہانگیر خان کو اسکواش کی عالمی تنظیم ورلڈ اسکواش فیڈریشن کا آئندہ 4 سال کے لیے اعزازی صدر مقرر کردیا گیا ہے، پاکستانی لیجنڈ اس سے قبل بھی اسکواش کی عالمی تنظیم کے اعزازی صدر کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں تاہم اس بار بھی ورلڈ اسکواش فیڈریشن کی جانب سے اس عہدے پر جہانگیر خان کو مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جہانگیر خان انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ میں ایک ناقابل شکست کھلاڑی تصور کیے جاتے تھے جب کہ ان کے حوالے سے یہ بھی مشہور ہے کہ انہوں نےمسلسل 555 میچز میں کامیابی کو اپنے گلے لگایا، اس کے علاوہ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے 1982 سے 1991 کے درمیان 6 مرتبہ ورلڈ اوپن اور 10 بار برٹش اوپن مقابلوں میں فتح حاصل کی۔

پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

کیویز کی اعلان کردہ ٹیم کے باقی کھلاڑی ٹاڈ ایسل، ٹرینٹ بولٹ، کولن گرینڈ ہوم، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ہنری نکلز، جمی نیشم، جیت ریول، ٹم ساوتھی، راس ٹیلر، نیل ویگنز اور واٹلنگ ہیں ۔

کولن گرینڈ اور جیت ریول کو سیریز کے دوران ٹیسٹ کیپ دی جاسکتی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17نومبر کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

کیویز سے سیریز، پاکستانی ہتھیاروں کی جانچ کا وقت قریب

نیلسن: کیویزکیخلاف سیریز سے قبل پاکستانی ہتھیاروں کی جانچ کا وقت قریب آگیا، گرین کیپس ٹیسٹ سیریز سے قبل ’فل ڈریس ریہرسل‘ کریں گے، نیوزی لینڈ اے سے تین روزہ ٹور میچ جمعے کی صبح شروع ہوگا، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا واحد موقع ہونے کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے ممکنہ کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے گا، بیٹنگ لائن اپ میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں، موزوں فاسٹ اٹیک کے انتخاب پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر سوچ بچار میں مصروف ہیں، یاسر شاہ خاص طور پر میزبان ٹیم مینجمنٹ کی توجہ کا مرکز ہونگے، گذشتہ روز بھی پاکستانی ٹیم کی تیاریاں زوروشور سے جاری رہیں، موسم خوشگوارہونے پر پورے تین گھنٹے پریکٹس کی، فزیکل فٹنس، فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ پر خاص توجہ دی گئی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے آخری لمحات میں اے ٹیم میں مزید2 کھلاڑیوں کوشامل کردیا، کائل جیمیسن اور لیوک ووڈ کاک کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم دورئہ نیوزی لینڈکا باقاعدہ آغاز میزبان اے ٹیم کیخلاف سہ روزہ پریکٹس میچ سے کررہی ہے، پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب تین بجے یہ میچ نیلسن میں کھیلا جائیگا جہاں کے موسم کا کوئی اعتبار نہیں ہے، اس کے باوجود گرین کیپس کو پوری امید ہے کہ وہ 2 ٹیسٹ کی سیریز کیلیے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں کامیاب ہوجائینگے۔

سہ روزہ میچ ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاریوں کو جانچنے کا واحد موقع ہے اس لیے پاکستان کی جانب سے اس میں ان کھلاڑیوں کو ہی آزمایا جائیگا جن کے پہلے ٹیسٹ کی الیون میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ خود ہیڈ کوچ مکی آرتھر اس حوالے سے واضح کرچکے کہ وہ ٹور میچ کو کسی تجربے کی نذر نہیں کرینگے۔ اوپنرز سمیع اسلم، اظہر علی، مڈل آرڈر بیٹسمین مصباح الحق اور یونس خان خاص طور پر حریف اے ٹیم کے بولرز کیلیے کڑا امتحان ثابت ہوسکتے ہیں، جنھیں اسد شفیق اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی بھی سپورٹ حاصل ہوگی، تمام کھلاڑی اپنے دن پر بڑا اسکور بنانے کی صلاحیت سے مالامال ہیں۔

بولنگ اٹیک کے حوالے سے مکی آرتھر واضح سوچ نہیں رکھتے،گرین کیپس کی پیس بیٹری میں لیفٹ آرم پیسرز وہاب ریاض، محمد عامر اور راحت علی کے ساتھ رائٹ آرم سیمرز سہیل خان اور عمران خان موجود ہیں، کوچ موزوں اٹیک کے حوالے سے سوچ بچار کا شکار ہیں، ایک بات یقینی ہے کہ میزبان ٹیم مینجمنٹ کی نگاہیں خاص طور پر لیگ اسپنر یاسر شاہ پر مرکوز ہونگی جو ہر قسم کی کنڈیشنز میں اپنا جادو جگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، 18 ٹیسٹ میں 112 وکٹیں اس بات کا ثبوت ہیں۔

گذشتہ روز نیلسن میں موسم خوشگوار ہونے پر پاکستان ٹیم نے صبح کے سیشن میں 3 گھنٹے بھرپور ٹریننگ کی، مینجمنٹ کے مطابق تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کررہے ہیں، ہیڈ کوچ تیاریوں سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں،  فزیکل فٹنس، فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ پر خوب توجہ مرکوز رہی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈکی جانب سے آخری لمحات میں مزید2 کھلاڑیوں کو اے ٹیم میں شامل کرلیا گیا، ان میں کینٹربری کے سیمر کائیل جیمیسن اور ویلنگٹن کے آل راؤنڈر لیوک ووڈکاک شامل ہیں، 34 سالہ ووڈ کاک نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں 2بہترین اننگز کھیلیں اور120 و203 رنز ناٹ آؤٹ اسکورکیے،21 سالہ رائٹ آرم بولر جیمیسن نے رواں سیزن میں اب تک 13 فرسٹ کلاس وکٹیں لیں جبکہ 11 میچز پر مشتمل کیریئر میں وہ 35 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں، دونوں کے اضافے سے اسکواڈ ممبران کی تعداد 14 ہوگئی، میدان میں اترنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کوچ بوب کارٹر کریں گے۔

پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے کیویز ٹیم کا اعلان، مارٹن گپٹل باہر

لاہور:کیویز نے ٹیسٹ سیریز میں شاہینوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ٹیم میں تین بھارتی نژاد کھلاڑیوں کو شامل کر لیا جبکہ مارٹن گپٹل کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے ، کیویز نے مارٹن گپٹل کو ٹیم سے باہر کرتے ہوئے تین بھارتی نژاد کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔

بلے بازوں کا مقابلہ کرنے کے لئے جیتن پٹیل ، اندبھیر سنگھ سوڈھی اور بائولروں کا سامنا کر نے کے لئے جیت راول میدان میں اتریں گے۔

پاکستانی بلے بازوں کا سحر توڑنے کے لئے بھارتی نژاد سپنرز جیتن پٹیل اور اندبھیر سنگھ سوڈھی میدان میں اتریں گے جبکہ عامر اور یاسر شاہ کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی بھارتی نژاد جیت راول کو اوپنر بھیجا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 نومبر کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ہیملٹن میں ہوگا۔

پہلا وارم اپ تین روزہ میچ نیوزی لینڈ کی اے ٹیم کے ساتھ کل جمعہ کو نیلسن گرائونڈ میں کھیلا جائے گا ، قومی ٹیم کی بھر پور تیاریاں جاری ہیں ، نیلسن کا موسم خوشگوار ہے جس کا ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے صبح کے سیشن میں تین گھنٹے تک ٹریننگ کی ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق تمام کھلاڑی فٹ ہیں ، موسم اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

محمد عامر کا ایسکس کاونٹی سے معاہدہ ہو گیا

پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر کا ایسکس کاونٹی سے معاہدہ ہو گیا وہ اگلے کاونٹی سیزن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے ۔

اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزا بھگتنے کے بعد محمد عامر ایکبار پھر دنیا کرکٹ کے لئے اہم بولر بن گئے ہیں۔ پہلے مختلف لیگ ٹیموں اور اب انگلش کاونٹی نے محمد عامر کو اپنانا شروع کردیا ہے۔

انگلش کاؤنٹی ایسکس نے بھی محمد عامر سے اگلے سیزن کےلیے معاہدہ کرلیا ہے ۔ محمد عامر کاؤنٹی چیمپئن شپ اور نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔

وہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد انیس جون سے ایسکس کو سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے ۔

ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پرفلم بنانے کی اجازت دینے سے معذرت کرلی

ممبئی: بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم بنانے کی اجازت دینے سے معذرت کرلی، انھوں نے کہا کہ ہر بات عام عوام کو نہیں بتائی جا سکتی۔

ثانیہ مرزا کا کیریئر جدوجہد اور تنازعات سے بھرپور رہا ہے، جہاں انھوں نے کورٹ پر کئی اعزازات حاصل کیے وہیں ان کی پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی اور دیگر معاملات پر تنازعات بھی کھڑے ہوئے، ان کے خلاف عدالت تک میں کیس ہوئے، اس لیے ان کی کہانی فلم کیلیے آئیڈیل ہے۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ کچھ لوگوں نے مجھ سے میری زندگی پر فلم بنانے کیلیے رابطہ کیا مگر یہ ممکن نہیں ہے کیونکہ اپنی ہر بات عام عوام کے سامنے نہیں لائی جا سکتی۔

قومی ریسلنگ ٹیم کامن ویلتھ ریسلنگ کے بعد واپس وطن پہنچ گئی

قومی ریسلنگ ٹیم کامن ویلتھ ریسلنگ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 13تمغے جیتنے کے بعد واپس وطن پہنچ گئی ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچنے پر پہلوانوں کا شاندار استقبال کیا گیا ہے۔

قومی ریسلنگ ٹیم کامن ویلتھ ریسلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد سری لنکا سے لاہور پہنچی۔ چیمپئن شپ میں پاکستانی پہلوانوں نے چاندی کے2 اور کانسی کے11 میڈل جیتے ہیں۔

ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری محمد ارشد نے کہا کہ یہ کارکردگی صرف 8دن کے کیمپ کا نتیجہ ہے۔ ملک میں فن پہلوانی کے فروغ کے لیے ایونٹس منعقد کیے جانے چاہیے۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز کل ہو گا

ممبئی: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز کل ہو گا ، ایلسٹر کک بر طانیہ کی جانب سے زیادہ میچز میں کپتانی کا ریکارڈ بنائیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر راج کوٹ میں سیریزکا پہلا ٹیسٹ بدھ کو شروع ہوگا ، الیسٹر کک کی قیادت میں انگلش ٹیم جورواں برس سب سے زیادہ12 ٹیسٹ کھیل چکی ہے ، آئندہ 6 ہفتوں میں مزید 5 ٹیسٹ کھیلے گی، یہ 29 سال بعد بھارت میں کھیلی جانے والی 5 میچز کی پہلی سیریزہوگی

پہلے ٹیسٹ میں شرکت کر کے31سالہ الیسٹر کک انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ میچز میں کپتانی کا ریکارڈ بنائیں گے۔

کک 54 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کر کے مائیک ایتھرٹن کا ریکارڈ بربر کر چکے ہیں , سب سے زیادہ 24میچزمیں فتح حاصل کرنے والے کک کی بطور کپتان آخری سیریزبھی ہوسکتی ہے ، سیریزسے قبل وہ کپتانی چھوڑ کر بیٹسمین کے طور پر کھیلنے کا عندیہ دے چکے ہیں ، بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز الیسٹر کک زیادہ رنز اور سنچریز بنانے کا کارنامہ بھی انجام دے چکے ہیں۔

Google Analytics Alternative