کھیل

پی سی بی نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دیدی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دے دی جس کے بعد پی ایس ایل سے حاصل ہونے والا منافع پی سی بی کی بھی ملکیت ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دے دی جب کہ کمپنی میں 7 ممبر شامل ہوں گے جس میں پی سی بی کے 3 ارکان بھی ہوں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ دنیا کے جتنے بھی بورڈز ہیں وہ سب پرائیوٹ ہیں اس لئے پی ایس ایل کمپنی کو بھی پرائیوٹ کرنے کی ضرورت پڑی، پی ایس ایل کمپنی میں ووٹنگ رائٹ پی سی بی ارکان کو حاصل ہوگا جب کہ پی ایس ایل سے حاصل ہونے والا منافع پی سی بی کی بھی ملکیت ہوگا۔

چیئرمین پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ بھارت سے سیریز نہ ہونے پر کرکٹ بورڈ کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس پر آئی سی سی کو کہا کہ بھارت کے نہ کھیلنے سے ہمارا نقصان کون پورا کرے گا جس پر آئی سی سی کی جانب سے گرانٹ یا قرضے کی آفر کی گئی جسے قبول نہیں کیا جب کہ آئی سی سی نے اس موقف پر کمیٹی بنانے کی بات کی جسے ہم نے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی سیکرٹری انوراگ ٹھاکر سے دو ٹوک الفاظ میں پوچھا کہ ہمارے ساتھ کھیلنا ہے یا نہیں، اگر نہیں کھیلنا تو آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کے خلاف میچ کے پوائنٹس ہمیں ملیں گے جس کے بعد انوراگ ٹھاکر سےآفیشل بیان دینے کا کہا جس پروہ خاموش رہے۔

اسپینش لیگ، بارسلونا کے ہاتھوں سیویلا کو شکست، میسی کیلئے نیا اعزاز

سیویلا نے میسی کی ٹیم بارسلونا کے خلاف اچھی پرفارمنس دکھائی اور 15 ویں منٹ میں گول داغ کر برتری حاصل کرلی۔ بارسلونا پہلے ہاف میں اسٹار فٹبالر میسی نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین گول کی مدد سے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔

اس کے بعد 60ویں منٹ میں لوئس سواریز نے بھی گیند کو جال کا راستہ دکھا کر بارسلونا کو دو ایک سے برتری دلوا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

ارجنٹینا اور ہسپانوی کلب بارسلونا کے عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار لیونل میسی نے اپنی ٹیم کو سیویلا کے خلاف فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ بارسلونا کیلئے 500 واں گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

29سالہ فٹبالر نے کلب کیلئے 592 ویں میچ میں 500 واں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور وہ سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

میسی اب تک لالیگا میں بارسلونا کیلئے320 گول اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ چیمپیئنز لیگ میں بھی90 گول اسکور کر چکے ہیں۔ بقیہ گول انہوں نے اسپینش کپ، یوئیفا کپ اور فیفا کلب ورلڈ کپ میں اسکور کیے ہیں۔

اسپینش لیگ میں کھیلے گئے بقیہ میچز میں ولارریال نے ریال بیٹس کو 0کے مقابلے میں 2گول سے شکست دی ہے۔ لیگانیز کو ریال میڈرڈ کے ہاتھوں بد ترین شکست ہوئی ہے۔

ریال میڈرڈ نے 3 گول کئے جبکہ لیگا نیز کوئی بھی گول نہ کر سکی۔ سیلٹا ویگو کو ویلینشیا پر سبقت حاصل ہوئی۔ ویلینشیا 1گول کر سکی جبکہ سیلٹا ویگو نے دو گول کیے۔ لاس پالماس نے ایبار کو 0 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی ہے۔

کامن ویلتھ ریسلنگ میں پاکستان کی دوسری پوزیشن

محمدانعام بٹ اور محمدبلال عرف بلی بٹ پہلوان نے فری اسٹائل ریسلنگ میں سلور میڈلز حاصل کئے۔ چیمپئن شپ میں بھارت نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

برطانوی اسٹار اینڈی مرے عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئر بھی بن گے

برطانوی اسٹار اینڈی مرے نہ صرف پیرس ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا، بلکہ وہ عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئر بھی بن گئے ہیں۔ اس اعزاز کے ساتھ ہی ان پر خزانے کے منہ کھلنے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق اب دنیا کی بڑی کمپنیاں ان سے تشہیری معاہدے کریں گی۔ پیرس ماسٹرز کے فائنل میں انہوں نے امریکا کے جان اسنر کو مات دی ہے۔

وہ43 سال قبل اے ٹی پی کی جانب سے عالمی رینکنگ جاری کیے جانے کے بعد پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے برطانوی ہیں۔ انہیں نوواک جوکووچ سے پہلی پوزیشن چھیننے کیلئے پیرس ماسٹرز کے فائنل تک پہنچنا تھا۔

مرے نے رواں سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں انھوں نے دو گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتے اور اولمپک اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی خواب میں نہیں سوچا تھا کہ ایک دن دنیا کا نمبر ایک کھلاڑی بن جائوں گا۔

دریں اثنا جمہوریہ چیک کی پیٹرا کوویٹوا نے یوکرین کی ایلینا ویسنینا کو زیر کرکے ژوہائی ایلیٹ ٹرافی ٹائٹل پر قبضہ کرلیا ہے۔

پرتھ ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا کیخلاف 177 رنز سے فتح

پرتھ :جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 177 رنز سے ہرا کر سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیت لیا ، دوسری اننگز میں میزبان ٹیم 361 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ، پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری پوزیشن بچ گئی۔

پرتھ میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے پانچویں دن آسٹریلیا نے 539 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے فتح کیلئے مزید 377 رنز چاہئے تھے اور اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔

آخری دن سوائے عثمان خواجہ اور پیٹر نیول کے کوئی اور بیٹسمین جم کر بیٹنگ نہیں کر سکا ، بائیں ہاتھ کے بیٹسمین عثمان خواجہ صرف تین رنز کی کمی کے باعث اپنی پانچویں ٹیسٹ سنچری سے محروم رہے۔

وکٹ کیپر پیٹر نیول ساٹھ رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ، آسٹریلیا کی ٹیم 361 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی ، جنوبی افریقا کی طرف سے نوجوان فاسٹ بائولر ربادا اننگز میں پانچ اور میچ میں سات وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کے حق دار قرار پائے۔

ہوم گرائونڈ پر آسٹریلیا کی 177 رنز کی شکست نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری پوزیشن بچا لی ، پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 108 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

کینگروز کی پہلے ٹیسٹ میں فتح کی صورت میں قومی ٹیم کی دوسری پوزیشن خطرے میں پڑ سکتی تھی۔

قومی ٹیم پہلی بار سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

جوہربارو: پاکستان نے جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی بار سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

پاکستان نے سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں جاپان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، گرین شرٹس نے جاپان کے خلاف 1-2 سے فتح حاصل کرکے پہلی بار سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ قومی ٹیم فائنل میں اور آسٹریلیا سے ٹکرائے گا۔

واضح رہے کہ سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ کے لیگ میچ میں آسٹریلیا نے گرین شرٹس یک طرفہ مقابلے میں 1-7 سے شکست دے کر حریف کو دوسری سے چوتھی پوزیشن پر دھکیل دیا تھا۔

پرتھ ٹیسٹ دوسرا روز، جنوبی افریقا کے بولرز کا شاندار کم بیک

پرتھ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے بولرز نے شاندار کم بیک کیا ، وارنر اور مارش کی 158 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد پوری آسٹریلوی ٹیم کو 244 رنز پر پویلین پہنچا دیا ۔

پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے دن وارنر تین رنز کی کمی کے باعث سنچری مکمل نہ کر سکے، مارش بھی 63 رنز پر آوٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد لائن لگ گئی اور پوری آسٹریلوی ٹیم 244 رنزپر آوٹ ہو گئی۔ فلینڈر نے چار ، ماہراج نے تین اور ربادا نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

دو رنز کے خسارے سے جنوبی افریقا نے دوسری اننگز شروع کی اور کھیل ختم ہونے تک دو وکٹ پر 104 رنز بنالیے،ایلگر 46 اور ڈومینی 34 رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔

آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی تازہ رینکنگ جاری کردی

دبئی : آئی سی سی نےٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی تازہ رینکنگ جاری کردی ہے ، یونس خان اور یاسر شاہ کی تنزلی ہوگئی جب کہ وہاب ریاض ترقی پاکر 24 ویں نمبر پر آگئے۔

تفصیلات کے مطابق نئی رینکنگ میں بھارت کے ایشون بولنگ اور آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ بیٹنگ میں بدستور پہلے نمبر پر فائز ہیں۔پاکستان کے یونس خان تین درجے تنزلی کے بعد دوسرے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

مصباح الحق کی دسویں اوراظہر علی کی 12ویں پوزیشن برقرار ہے۔ شارجہ ٹیسٹ میں پئیر کاشکار اسد شفیق 13 ویں سے 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بولنگ میں یاسر شاہ پانچویں سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں وہ ٹاپ ٹین میں واحد پاکستانی بولر ہیں،تیسرے ٹیسٹ میں پانچ وکٹوں کا انعام وہاب ریاض کوفورا مل گیا وہ 24 ویں نمبر پر آگئے ہیں راحت علی 32ویں، زوالفقار بابر 35ویں،عمران خان 46 ویں اور سہیل خان 48ویں نمبر پر براجمان ہیں

ٹیم رینکنگ میں بھارت پہلے،پاکستان دوسرے اور آسٹریلیا کی تیسری پوزیشن ہے۔

Google Analytics Alternative