کھیل

جوڈو: پاکستان کے شاہ حسین شاہ دوسرے ہی راؤنڈ میں ہمت ہار گئے

ریوڈی جنیرو:  پاکستانی کھلاڑی شاہ حسین شاہ  اولمپکس کے جوڈو ایونٹ میں دوسرے ہی راؤنڈ میں ہمت ہار گئے، 100 کلوگرام مقابلے میں انھیں یوکرینی حریف آرتم بلوشنکو نے ہزیمت سے دوچار کیا۔

ابتدائی مرحلے میں انھیں مخالف کھلاڑی کی عدم شرکت کے باعث بائی ملی تھی، 22سالہ جوڈوکا براعظمی کوٹے پر اولمپک گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کررہے تھے، ان کے والد باکسر حسین شاہ نے 1988میں سیؤل اولمپکس میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا، وہ اولمپکس مقابلوں میں انفرادی کھیلوں میں تمغہ جیتنے والے آخری پاکستانی کھلاڑی بھی ہیں۔

اوول ٹیسٹ:پاکستان نے تین وکٹوں پر 196رنز بنالیے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چائے کے وقفے تک 57اوورز کے کھیل میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنائے ہیں۔
اس وقت پاکستانی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 328رنز سے 132رنز پیچھے ہے جبکہ اسکی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ آج پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین یاسر شاہ تھے جو 26رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
جس کے بعد اظہر علی 49رنز کی اچھی باری کھیل کر پویلین لوٹے، انھوں نے اسد شفیق کے ساتھ ملکر 75رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ بعدازاں اسد شفیق 79اور یونس خان 26کے درمیان 69رنز کی شراکت قائم ہوئی جو ابھی جاری ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ ،اسٹیون فن اورمعین علی ایک ایک وکٹ لے پائے ہیں ۔

ریو اولمپکس،امریکی پیراک مائیکل فیلپس نے 22واں گولڈ میڈل جیت لیا

ریو اولمپکس میں امریکی پیراک مائیکل فیلپس نے چوتھا اور کیرئیر کا ریکارڈ بائیسواں گولڈ میڈل جیت لیا، امریکہ سولہ طلائی تمغوں کے ساتھ میڈلز ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

سوئمنگ کی تاریخ کے کامیاب ترین پیراک مائیکل فیلپس نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، مائیکل فیلپس مسلسل چار ایونٹس کی ایک ہی کیٹگری میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے سوئمر بن گئے-

امریکی پیراک نے دو سو میٹر انفرادی میڈلے میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور موجودہ ایونٹ میں مسلسل چوتھا اور کیرئیر کا بائیسواں گولڈ میڈل جیت لیا، انھوں نے 2004، 2008 اور 2012 کے اولمپکس میں بھی اس ریس میں کامیابی حاصل کی تھی۔

امریکی سوئمر بائیس گولڈ کے علاوہ اولمپکس میں دو چاندی اور دو کانسی کے تمغے بھی حاصل کرچکے ہیں۔

دوسری جانب رگبی میں فجی نے برطانیہ کو ہراکر پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا، رگبی سیون میں کانسی کا تمغہ جنوبی افریقہ کو ملا جس نے جاپانی ٹیم کو شکست دی-

جمناسٹک میں امریکہ کی سائمن بائلز بہترین ایتھلیٹ قرار پائیں۔

ریو اولمپکس  میں چھٹے روز امریکہ سولہ گولڈ اور مجموعی طور پر اڑتیس میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ چین کا گیارہ طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔

شعیب اختر بھارت میں ٹی وی پروگرام کی شوٹنگ کے دوران زخمی

ممبئی: پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر بھارت میں کامیڈی شو ’مذاق مذاق میں‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب اختر بھارت کے کامیڈی شو ’لائف اوکیز مذاق مذاق میں‘ کے سیٹ پر تھے کہ پروگرام کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب اختر کامیڈی شو کی شوٹنگ کے دوران بائیک چلا رہے تھے کہ زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈی شو کی بریک کے دوران شعیب اختر نے شو کے ایک ورکر کی بائیک چلانا چاہی لیکن بائیک پھسل گئی جس سے شعیب اختر کو تھوڑی بہت چوٹیں آئیں۔

اوول ٹیسٹ: پاکستانی بولرز کے ہاتھوں 4 انگلش کھلاڑی شکار

اوول ٹیسٹ میں شروع ہونے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستانی فاسٹ بولرز نے شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدا میں ہی 4 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا۔

انگلینڈ کے ایلکس ہیلز، ایلسٹر کک ،جو روٹ اور جیمز ونس پویلین واپس پہنچے، پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے دو، محمد عامراور سہیل خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

واضح رہے کہ ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں اب تک انگلینڈ کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 74 رنز ہے۔

مصر کی سارہ احمداولمپکس میں تمغہ جیتنے والی پہلی عرب خاتون بن گئیں

مصر کی سارہ احمد نے عرب دنیا کے لیے اولمپک کی نئی تاریخ رقم کر دی،وہ اولمپکس میں تمغہ جیتنے والی پہلی عرب خاتون بن گئیں۔

مصری ویٹ لفٹر سارہ احمد خواتین کے 69 کلوگرام کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت کر عرب دنیا کی پہلی ایتھلیٹ بن گئی ہیں جنھوں نے اولمپکس میں کسی بھی مقابلے میں کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔

برازیل کے شہر ریو میں حجاب میں ملبوس 18 سالہ سارہ احمد نے 255 کلوگرام وزن اٹھایا چین کی شیانگ یانمے اور قازقستان کی ظہیرہ زاپارکول کے بعد سارہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مصر نے ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں آخری بار 1948 میں اولمپکس تمغہ جیتا تھا۔

لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کر جانے والے لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کی نمازجنازہ کل بعدنما زجمعہ ادا کی جائے گی، مرحوم کے صاحبزادے شعیب محمد کا کہنا ہے کہ نمازجنازہ نعمانی مسجدالہلال سوسائٹی میں ادا کی جائے گی۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف کا لٹل ماسٹر حنیف محمد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہےکہ حنیف محمد کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی، انہوں نے شاندار پرفارمنس کے ذریعے عالمگیر شہرت پائی، وہ ہم سب کےلیے قابل تقلید ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے حنیف محمد کی مغفرت، جنت الفردوس میں ان کے اعلیٰ درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔

پاک انگلینڈ سیریز کا آخری ٹیسٹ کل ہوگا

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز جیتنے کا موقع تو گنواں چکی اب سیریز بچانے کا وقت ہے ، چوتھا اور آخری ٹیسٹ کل سے اوول میں شروع ہوگا۔

آخری ٹیسٹ کیلئے آئوٹ آف فارم محمد حفیظ کا آئوٹ ہونا تو یقینی نظر آتا ہےان کی جگہ شان مسعود کو موقع دیا جائے یا پھر اظہر علی سے اوپننگ کروائی جائے یہ فیصلہ ہونا ہے، پھر آل رائونڈر افتخار احمد کو بھی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

اوول یہ وہی مقام ہے جہاں محمد عامر پر اسپاٹ فکسنگ کے باعث پانچ سال کیلئے کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے اب عامر کے پاس بھی موقع ہے کہ اچھی پرفارمنس سے اسپاٹ فکسنگ کا بد نما داغ دھو دیں۔

ہوم ٹیم کو سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے ، شاہینوں کو اوول میں صرف سیریز بچانے کا ہی چیلنج درپیش نہیں بلکہ ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن کوکو بچانی ہے۔

Google Analytics Alternative