کھیل

کوہلی بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے، آئی سی سی کا کارروائی سے انکار

ممبئی: بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تاہم آئی سی سی نے ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔

انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی  گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے پکڑے گئے ہیں، اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں کوہلی چیونگم چباتے ہوئے اس  پر ہاتھ لگا رہے ہیں اور پھر وہی ہاتھ  گیند پر رگڑ رہے ہیں۔ویڈیو میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی کپتان گیند کو شائن کرنے کی غیر قانونی کوشش کررہے ہیں تاکہ ان کے بالرز کو گیند کی شائننگ سے فائدہ اٹھاسکیں۔

ویرات کوہلی کی اس حرکت پر  ہلچلل مچی ہوئی ہے اور مبصرین نے آئی سی سی سے اس معاملے پر فوری اور سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس معاملے پر روایتی چشم پوشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہے،آئی سی سی کا موقف ہے کہ اس ویڈیو کی بنیاد پر کوہلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکتی کیونکہ یہ 9 دن پرانا واقعہ ہے اور قانون کے مطابق  کسی بھی قسم کی شکایت اس واقعے کے 5 دن کے اندر کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ منگل ہی کے روز جب کوہلی کی یہ ویڈیو سامنے آئی ہے وہیں آئی سی سی نے پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی پر بال ٹیمپنگ کا الزام ثابت ہونے ہر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔

شاہد آفریدی اگرپرفارم کرینگےاور ٹیم کوان کی ضرورت ہوگی تو انہیں شامل کیاجائے گا-انضمام الحق

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی اگرپرفارم کرینگےاور ٹیم کوان کی ضرورت ہوگی تو انہیں شامل کیاجائے گا،عامر کی بالنگ بہت بہترین ہے لیکن وہ اس طرح پرفارم نہیں کررہے، چیف سلیکٹر نے اسد شفیق کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔

انضمام الحق نے کہا کہ بہتر پرفارمنس اور ٹیم میں جگہ ہونے پر کھلاڑیوں کو شامل کیاجاتاہے، اگر کوئی اچھی پرفارمنس کررہاہوگا تو اسے ضرور سلیکٹ کیا جائےگا۔

ملک کی سیاست کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق نے کہا کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہٹیلنٹ کو آرگنائز کرنے کی ضرورت ہے، بہت سارے نئے کھلاڑی فرسٹ کلاس میں اچھی پرفارمنس دے رہےہیں، انہیں کیمپ میں بلا کر ٹریننگ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسد شفیق میں جتنا ٹیلنٹ ہے ،اس نے اتنی پرفارمنس نہیں دی،محمد عامر کی بولنگ بہت بہترین ہے،لیکن ویسی پرفارمنس نہیں دے رہا جیسی پہلے دیتا تھا، امید ہے بہت جلد اپنی پرانی پرفارمنس دے گا۔

انضمام الحق نے کہا کہ مصباح کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے،یونس خان انہیں اچھا گائیڈ کرسکتے ہیں،اظہر کے لیے اچھا موقع ہے کہ سینئر کھلاڑی یونس خان ٹیم میںموجود ہے۔

ہماری ٹیم کو برداشت اوراعتماد کی ضرورت ہے ، ہماری اکیڈمی کے کوچز بہت زبردست ہیں،جاوید میانداد سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

انضمام الحق نے بتایا کہ عمراکمل اور احمد شہزاد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سزادی تھی، سلمان بٹ کو میں نے فرسٹ کلاس کھیلنے کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ ویوین رچرڈز اور برائن لارا پسندیدہ کھلاڑی ہیں، وسیم اکرم اور وقار یونس بہترین بولر ہیں، دور حاضر میں ورات کوہلی بہت اچھا کھلاڑی ہے اور ہاشم آملہ بہت بہترین کھیلتا ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ شرجیل خان اگر کریز پر رک جائےتو اسکور کرتاہے، اچھی اوسط کی وجہ سے اسے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈپی ایس ایل فائنل پاکستان میں کرانے کی کوشش کررہاہے،پی سی بی کے اقدامات سے پاکستان میں کرکٹ واپس لانے میں آسانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جنید خان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سائیڈ گیم میںکپتان بنایا تھا، جنید خان کاآپریشن ہوا ہے،اسے ریکور کرنےکےلیے وقت درکار ہے، اللہ کرے وہ جلد ی پرانی پرفارمنس پر آجائے۔

عالمی شہریت یافتہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ انتقال کرگئے

راولپنڈی: عالمی شہریت یافتہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔

دنیا بھر کی بلند چوٹیوں اور پہاڑوں پر پاکستان کا پرچم سربلند کرنے والے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما حسن سدپارہ راولپنڈی میں 53 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ کئی ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور راولپنڈی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے تاہم دوران علاج آج صبح حسن سدپارہ کی حالت بگڑی اور وہ دنیا فانی سے کوچ کرگئے۔

واضح رہے حسن سدپارہ ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دنیا کی 8 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی تھے۔

بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 246 رنز سے شکست دیدی

وشاکا پٹنم: بھارتی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ (Visakhapatnam Test)میچ میں انگلینڈ کو 246 رنز سے شکست دے دی ، بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بہترین اننگ کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی ، میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے پہلی اننگ میں 455 رنز بنائے جس میں کوہلی کے 167 سکور بھی شامل تھے ، جواب میں انگلینڈ ٹیم پہلی اننگ میں صرف 255 رنز بنا سکی۔

بھارتی ٹیم دوسری اننگ میں 204 رنز بنا سکی ، کپتان ویرات کوہلی نے 81 رنز کی اننگ کھیلی جواب میں انگلش ٹیم صرف 158 رنز بنا سکی۔

معیشت مستحکم ہے نہ اسٹیٹ بینک نے چیلنجز کا احاطہ کیا، معاشی ماہر

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے معاشی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے ملک کے نامور معاشی تجزیہ کار مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے پاکستانی معیشت کو درپیش چیلنجز کا احاطہ نہیں کیا اور گرتی ہوئی برآمدات، حکومتی قرضوں میں اضافہ، ایگری کلچر سیکٹر کی منفی شرح نمو، خسارے میں چلنے والے اداروں کی ابتری سے معیشت پر پڑنے والے اثرات کو عوام کے سامنے اجاگر نہیں کیا گیا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کڑے وقت میں حکومتی ساکھ کو سنبھالا دینے کی کوشش کی ہے اور گزشتہ مالی سال کے اعدادوشمار کو خوش کن انداز میں پیش کیا گیا ہے، اس وقت ترسیلات اور برآمدات میں ہونے والی متواتر کمی، بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی جیسے عوامل معیشت کے لیے میڈیم ٹرم کے لیے بڑے خدشات ہیں جن کی بنا پر معیشت کو ہرگز متوازن یا مستحکم قرار نہیں دیا جاسکتا۔

گزشتہ سہ ماہی کے دوران ٹیکس ریونیو کا ہدف بھی پورا نہیں ہوسکا اور نہ ہی کپاس کی پیداوار کے اہداف پورے کیے گئے، پاکستان کی آبادی کے بڑے طبقے کا انحصار زراعت پر ہے جبکہ زرعی شعبے میں منفی شرح نمو دیکھی جارہی ہے جس سے زراعت کے شعبے میں روزگار کے مواقع کم ہونے کے ساتھ اس شعبے سے ہونے والی آمدنی بھی متاثر ہورہی ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری کے نام پر ملک میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولتوں کے لیے وفاق پر عائد ہونے والی ذمے داریوں سے بھی منہ پھیر لیا ہے اور ملک میں تمام انفرااسٹرکچر منصوبوں کا انحصار سی پیک پر کیا جارہا ہے، سی پیک اپنی مقررہ ٹائم لائن کے تحت آگے بڑھ رہا ہے تاہم پاکستان کے معاشی اور سماجی مسائل زیادہ تیزی سے بڑھ رہے ہیں، حکومت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے مہنگائی کی شرح میں کمی کا پرچار کیا جارہا ہے تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں ہوسکی۔

جائیدادوں کی قیمت بڑھنے سے مکانات کے کرائے بھی بڑھ رہے ہیں، اسی طرح طبی سہولتوں اور تعلیم کے شعبے کی زبوں حالی کی قیمت بھی عوام کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت کے چوتھے سال میں داخل ہونے کے باوجود خسارے میں چلنے والے اداروں کو بحال کرنے میں بری طرح ناکام ہے اور ان اداروں کے بیل آئوٹ پیکیج معیشت پر بوجھ بن رہے ہیں۔

 

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا دوسرا روز؛ کیویز نے شاہینوں کا شیرازہ بکھیر دیا

کرائسٹ چرچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم صرف 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی جب کہ نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لئے ہیں۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے 133 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور میزبان ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لئے۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری جب محمد عامر نے ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیو کیا جب کہ کیوی قائد کین ولیمسن 4 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بنے۔ روز ٹیلر 11 کے انفرادی اسکور پر راحت علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔ کھیل ختم ہونے پر جیت راول 55 اور ہنری نکولس 29 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

قبل ازیں میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے مصباح الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین کیپس کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہرعلی نے اننگز کا آغاز کیا تو 31 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی 15 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے اور پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم نے 19 اور اسد شفیق نے 16 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے 4 بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ سہیل خان نے 9، بابر اعظم اور سرفراز احمد نے 7، 7، یاسر شاہ نے 4، محمد عامر نے 3، یونس خان نے 2 اور راحت علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن گرینڈ ہوم نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں انفرادی طور پر 2، 2 وکٹیں آئیں۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہو گیا تھا جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بولرز نیوزی لینڈ کی پچز پر بھی بہترین بولنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں، مصباح الحق

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح  الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی بولنگ اٹیک ہر طرح کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے مقابلے میں کھلاڑیوں کا پر اعتماد ہونا اہم کردار ادا کرے گا، کیویز کھلاڑیوں کا مورال دورہ بھارت میں شکست کے بعد سے گرا ہوا ہے جب کہ ان کے مقابلے میں قومی کرکٹرز کو یہ ایڈوانٹیج حاصل ہے کہ وہ زیادہ پراعتماد ہیں تاہم کیویز ٹیم اپنی کنڈیشنز سے زیادہ ہم آہنگ ہے اوران کے پاس بہترین بلے باز موجود ہیں لیکن وہ پرامید ہیں کہ پاکستانی بولرز اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز کو قابو کرلیں گے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یواے ای اور نیوز لینڈ کی کنڈیشنز میں بہت فرق ہے جب کہ ہمارے متعدد کھلاڑی پہلی بار نیوزی لینڈ کا دورہ کررہے ہیں اس لیے یہاں کی گرین پچز پر ہمارے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کی اور اچھا اسکو ر بنانے میں کامیاب ہوگئے تو ہم میزبان ٹیم کے لیے مشکلات کھڑے کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔ نیلسن میں نیوزی لینڈ اے سے سہ روزہ وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث گرین کیپس کو 2 میچز کی سیریز کی تیاریوں کا مناسب موقع نہیں مل سکا البتہ کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ سے کھلاڑیوں نے آنے والی سیریز کیلیے خود کو کافی حد تک تیار کرلیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کوچ نے پاکستانی بولنگ اٹیک کو خطرناک قرار دیدیا

ایک انٹرویو میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا بولنگ اٹیک کسی بھی کنڈیشنز میں خطرناک ثابت ہوتا ہے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ پاکستانی بولرز نیا بال سوئنگ بھی کرتے ہیں اور ریورس سوئنگ بھی کر سکتے ہیں ، ان کے پاس ایک کوالٹی اسپنربھی ہے ۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ اس لئے پاکستان ٹیم مجموعی طور پر ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے، ہمیں اپنی کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا ۔

Google Analytics Alternative