کسے علم نہیں کہ سلطان محمد شاہ آغا خان سوم برصغیر کی سیاسی، تعلیمی اور سماجی تاریخ کی ایک ایسی عظیم شخصیت تھے جنہوں نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی بیداری میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ اُن فکری اور تنظیمی بنیادوں کو مضبوط کیا جنہوں نے بعد ازاں قیامِ پاکستان کی راہ ہموار کی۔ مبصرین کے مطابق اگر برصغیر کے مسلم سیاسی شعور، جدید تعلیم کے فروغ اور عالمی سطح پر مسلم قیادت کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو آغا خان سوم کا نام نمایاں ترین رہنماؤں میں شمار ہوتا ہے۔ ان کی خدمات صرف سیاسی جدوجہد تک محدود نہیں رہیں بلکہ تعلیم، سفارت کاری، سماجی اصلاحات اور ترقیاتی شعبوں تک پھیلی ہوئی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی سیاسی و قومی تاریخ میں ان کی شخصیت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔جان کاروں کے مطابق 1906 میں ہونے والا تاریخی شملہ وفد برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ اس وفد کی قیادت آغا خان سوم نے کی، جہاں مسلمانوں کے سیاسی حقوق اور نمائندگی کے حوالے سے برطانوی وائسرائے لارڈ منٹو کے سامنے مؤقف پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ اسی سال ڈھاکہ میں آل انڈیا مسلم لیگ کا قیام عمل میں آیا اور آغا خان سوم کو اس کا پہلا مستقل صدر منتخب کیا گیا۔ مبصرین کے مطابق یہ وہ مرحلہ تھا جب برصغیر کے مسلمان ایک منظم سیاسی پلیٹ فارم کے تحت متحد ہونا شروع ہوئے۔آغا خان سوم مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے کہ مسلمان ایک الگ سیاسی، ثقافتی اور تہذیبی شناخت رکھتے ہیں، اس لیے انہیں سیاسی تحفظ اور مناسب نمائندگی دی جانی چاہیے۔ ان کی سیاسی بصیرت اور قیادت نے مسلم لیگ کو ایک مؤثر سیاسی قوت میں تبدیل کیا اور یہی تنظیم بعد میں تحریکِ پاکستان کی مرکزی قیادت بن کر سامنے آئی۔ تاریخی تجزیہ نگاروں کے مطابق اگر مسلم لیگ کے ابتدائی فکری و تنظیمی ڈھانچے کا ذکر کیا جائے تو اس میں آغا خان سوم کا کردار انتہائی بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ آغا خان سوم نے صرف سیاست ہی نہیں بلکہ مسلم تعلیم کے فروغ کیلئے بھی غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ وہ اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ مسلمانوں کی ترقی جدید اور معیاری تعلیم کے بغیر ممکن نہیں اور اسی سوچ کے تحت انہوں نے علی گڑھ تحریک کی بھرپور حمایت کی اور محمڈن اینگلو اورینٹل کالج کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی بنانے کیلئے مالی اور سیاسی حمایت فراہم کی۔ مبصرین کے مطابق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے بعد میں ایسے ہزاروں طلبہ، دانشور، منتظمین اور سیاسی رہنما پیدا کیے جنہوں نے تحریکِ پاکستان میں فعال کردار ادا کیا۔ آغا خان سوم اس جامعہ کے پہلے پرو چانسلر بھی رہے اور زندگی بھر تعلیمی اصلاحات کے داعی رہے۔اسی تناظر میں لندن میں منعقد ہونیوالی گول میز کانفرنسوں میں بھی آغا خان سوم نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح سمیت دیگر مسلم رہنماؤں کے ساتھ ملکر مسلمانوں کے سیاسی حقوق، جداگانہ انتخاب اور آئینی تحفظات کیلئے مؤثر انداز میں آواز اٹھائی۔ سفارتی ماہرین کے مطابق ان کی گفتگو، سیاسی تدبر اور عالمی سطح پر مذاکرات کی صلاحیت نے برطانوی حکومت کو مسلمانوں کے مطالبات سنجیدگی سے سننے پر مجبور کیا ۔ علاوہ ازیں آغا خان سوم کی عالمی خدمات بھی غیر معمولی نوعیت کی تھیں۔ وہ لیگ آف نیشنز میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے رہے اور 1937 میں لیگ آف نیشنز اسمبلی کے صدر بھی منتخب ہوئے۔ اس حیثیت میں انہوں نے بین الاقوامی امن، مکالمے اور مسلم دنیا کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا۔ مبصرین کے مطابق ان کی عالمی حیثیت نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک باوقار اور بااثر قیادت فراہم کی۔پاکستان کے قیام کے بعد بھی آغا خان خاندان نے ملک کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھے۔ تاریخی حوالوں کے مطابق پرنس علی خان نے پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے اقوامِ متحدہ میں خدمات انجام دیں اور عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی تشخص کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔ ان کی تعیناتی اس بات کا اظہار تھی کہ پاکستان کی قیادت آغا خان خاندان کی خدمات اور صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی تھی۔بعد ازاں پرنس کریم آغاخان پنجم کی قیادت میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک دنیا کے بڑے ترقیاتی اداروں میں شمار ہونے لگا۔ جان کاروں کے مطابق پاکستان میں تعلیم، صحت، دیہی ترقی، خواتین کے بااختیار بنانے، مالیاتی خدمات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں اے کے ڈی این نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ خاص طور پر گلگت بلتستان، چترال ، سندھ اور دیگر دور افتادہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں نے لاکھوں افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے۔ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تحت قائم ہونے والی آغا خان یونیورسٹی آج پاکستان کے ممتاز تعلیمی اور طبی اداروں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ جامعہ میڈیکل سائنس، نرسنگ، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں بین الاقوامی معیار کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اسی طرح آغا خان یونیورسٹی اسپتال اور ملک بھر میں قائم سینکڑوں صحت مراکز لاکھوں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اے کے ڈی این نے پاکستان میں جدید صحت کے نظام، نرسنگ تعلیم اور دیہی طبی سہولیات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔یہ امر خصوصی توجہ کا حامل ہے کہ آغاخان رول سپورٹ پروگرام کو پاکستان کے کامیاب ترین دیہی ترقیاتی پروگراموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ عالمی ترقیاتی ماہرین بھی اے کے آرایس پی کو دیہی ترقی کا ایک مؤثر ماڈل قرار دیتے ہیں۔اسی طرح آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ کے تحت مالیاتی اور معاشی شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی گئی، جس سے روزگار کے مواقع بڑھے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا۔حبیب بینک لمیٹڈ اور اور ایچ بی ایل مائیکروفنانس جیسی خدمات نے لاکھوں افراد کو مالیاتی سہولیات فراہم کیں، خصوصاً دیہی علاقوں میں چھوٹے کاروبار اور خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ ملا ۔ مبصرین کے مطابق آغا خان سوم سے لے کر پرنس کریم آغا خان چہارم تک یہ تسلسل دراصل اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کی بنیاد تعلیم، ترقی، بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی خدمت اور انسانیت کی فلاح پر رکھی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں آغا خان خاندان کی خدمات کو نہ صرف تاریخی بلکہ قومی ترقی کے تناظر میں بھی انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ ان کی سیاسی بصیرت، تعلیمی خدمات، سفارتی کردار اور ترقیاتی اقدامات آج بھی پاکستان کی تاریخ اور قومی ارتقا کا ایک روشن باب تصور کیے جاتے ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پرنس رحیم آغا خان انہی دنوں پاکستان آئے ہوئے ہیں اور شمالی علاقہ جات میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ایسے میں بجا طور پر توقع کی جانی چاہیے کہ ان کے حالیہ دورے سے ملک ہر سے مستفید ہوگا۔

