Site icon Daily Pakistan

آغوش کالج مری میں پہلے سالانہ ”کتاب میلے“کا انعقاد

کتاب میلہ

آغوش کالج مری میں پہلے سالانہ ”کتاب میلے“کا انعقاد کر دیا گیا۔ ڈاکٹر افتخار احمد کھوکھر (عالمی شہرت یافتہ مصنف)اور احمد حاطب صدیقی (معروف شاعر،ادیب اور اقبالؒ شناس) نے پرنسپل آغوش کالج مری کے ہمراہ اس میلے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر بچوں نے سٹال سے اپنی پسند کی کتب خریدیں اور ایک دوسرے کو بطورِ تحفہ بھی کتب پیش کیں۔انتظامیہ نے اس مفید اور اہم سرگرمی کے انعقاد میں معاونت پر ظفر وحید صاحب (آربٹ انٹرنیشنل) کا شکریہ ادا کرتی ہے۔آغوش کالج مری میں آئے معروف شاعر احمد حاطب صدیقی نے طالب علم عثمان خان سواتی کی شاعری کو بہت ذیادہ سراہا اور قیمتی تجاویزدیں اور کہا کہ انشاء اللہ عثمان خان سواتی مستقبل کے ایک بڑے شاعر بنیں گے۔اس موقع پر اعظم خان، پرنسپل آغوش کالج مری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی فلاح و بہبودکے لئے جدید ترین آغوش ہومز چلا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ، یتیم ہمارے معاشرے کا سب سے نظرانداز طبقہ ہیں، لیکن اس غفلت اور محرومی کا خاتمہ ہوسکتا ہے بشرطیکہ ریاست، عوامی، سول سوسائٹی، میڈیا اور غیر سرکاری تنظیمیں مل کر صورتحال کو بہتر بنائیں۔ڈاکٹر افتخار احمد کھوکھر نے کہا کہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بچے کی پرورش کو یقینی بنائیں جس کے والدین یا دونوں والدین اب اس دنیا میں نہیں۔ الخدمت کے تحت یتیم بچوں کی تعلیم، کریکٹر بلڈنگ، فلاح و بہبود اور حفاظت کے لئے صحت مند اور حفاظت والے ماحول میں انتہائی نگہداشت اور محنت کے ساتھ کام کرنے والی تنظیموں کو رہنمائی اور ہدایات فراہم کرنے کے لئے بورڈنگ کے معیارات مرتب کیے گئے ہیں، جو کہ قابل تحسین ہے۔اعظم خان نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم کمزور یتیم بچوں کے لئے جو کچھ کر رہے ہیں وہ تاریخ کے سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔

Exit mobile version