پاکستان

اندورنی اور بیرونی دشمن سے بخوبی آگاہ ہیں، آرمی چیف

اندورنی اور بیرونی دشمن سے بخوبی آگاہ ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قوم کہا ہے کہ ہم اندورنی اور بیرونی دشمن سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں آزادی پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آج کا دن وطن کے دفاع کے لیے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر بنا، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہمارا مشن ہے، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
’’یہ دن قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے‘‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر کیڈٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے، آج کا دن ہمیں پاکستان کا مطلب کیا لا الااللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان بیشمار وسائل اور ان گِنت نعمتوں کی سرزمین ہے، ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہو گی، ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔
’’ہم ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں‘‘
آرمی چیف نے کہا کہ ہم ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں جغرافیائی اور سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش، تسلط پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا مسلسل سامنا ہے، ہم قائد اعظم کے قول کہ “دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹانہیں سکتی” کے امین ہیں، قوم ان چیلنجز خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی، سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ ، صلاحیت اور قابلیت رکھتی ہے۔
’’قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوششیں ناکام ہونگی‘‘
انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، قومی فوج ہونے کے ناطے پاکستان آرمی عوام کی فلاح و بہبود کیلیئے پُر عزم ہے، قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوششیں ناکام ہونگی۔آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا، یہ عناصر معاشرے میں نا امیدی پھیلانے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہیں، کوئی ملک اور قوم ایسے چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔
’’عالمی ضمیر کیلیئے کشمیر میں ہندوستانی جبر و استبداد کا احساس ضروری ہے‘‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیری بھائی ضرور ظالمانہ اور قابض قوتوں سے چھٹکارا پائیں گے، آپکی آزادی حق خود ارادیت کی خواہش اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہوگی، عالمی ضمیر کیلیئے کشمیر میں ہندوستانی جبر و استبداد کا احساس ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کشمیری بھائیوں کو افواج پاکستان اور پاکستانی قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں، تمام مذموم ہتھکنڈوں کے باوجود کوئی طاقت کشمیری عوام کے استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتی، کوئی جغرافیائی اور سیاسی ضرورت کشمیریوں کے حق آزادی اور خود ارادیت کے راستے میں رکاوٹ نہیں ہو سکتی۔
’’ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف ضرور کامیاب ہونگے‘‘
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام دو دہائی سے دہشت گردی کی ظالمانہ کارروائیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف ضرور کامیاب ہونگے۔
’’ہمارے پڑوسی ملک نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا‘‘
انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا، یہ ملک ہمیشہ علاقائی امن اور سلامتی کیلیئے خطرہ رہا ہے، ہم نے یہ آزادی بیشمار قربانیوں کے بعد حاصل کی ہے، ہم اس آزادی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ازلی دشمن اپنی نام نہاد اسٹریٹجک اہمیت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خواب رکھتا ہے، یہ خواب جو ہندوتوا کے کٹّر نظریات کے تابع ہیں اقوام عالم کی توجہ کے متقاضی ہیں، ہم کبھی بھی جارحانہ عزائم سے مرعوب نہیں ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے