کالم

اوورسیزپاکستانی ہماراقومی اثاثہ!

وطن عزیز پاکستان اِس وقت تمام ترمسائل وگرداب سے نکل پر ترقی کی جانب بھرپورسفرجاری رکھے ہوئے ہے۔اگر پاکستان کی تاریخ کابغورجائزہ لیاجائے تو ہر مشکل اور کٹھن وقت میں اوور سیز پاکستانیوں نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا اورپاکستان سے اپنی محبت اور اٹوٹ رشتے کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان کی معیشت کوسہارادیا۔گزشتہ چند سالوں میں ایک سیاسی جماعت جس نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی کادعویٰ تھا کہ اوورسیزپاکستانی اِن کے ہیں لیکن اوور سیز پاکستانیوں نے ہمیشہ صرف اور صرف حکومت پاکستان ،افواج پاکستان اور پاکستانیت کا ثبوت دیا۔گزشتہ ماہ ہی بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے مارچ 2025 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 4.1 بلین ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچاجوکہ بلندترین سطح ہے ۔اِسی طرح اب تک ترسیلات زر مجموعی طور پر 28 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں ۔ اوورسیزپاکستانیز کی جانب سے گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں اس سال مارچ میں ترسیلات زر میں 37.4 فیصد اضافہ ہوا ۔ حکومت پاکستان جہاں دیگرشعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے وہیں اوورسیزپاکستانیوں کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ اسلام آباد کنونشن سینٹر میں پہلی سالانہ اوورسیزپاکستانیز کنونشن کا انعقاد کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا انعقاد جوش و جذبے سے کیا جا رہا ہے اور ان کی آراءو تجاویز کا پرجوش خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ کنونشن میںدنیا بھر سے پاکستانی تارکین وطن کے تقریباً 500 معزز ممبران شریک ہیں۔ گزشتہ روزمرکزی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف تھے ۔ تقریب میں وفاقی وزرا، ارکان پارلیمان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر، غیر ملکی سفارتکار اور سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد سہولیات اور مراعات کے حامل جامع پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل سے متعلقہ مقدمات نمٹانے کیلئے وفاق کی سطح پر خصوصی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں، وفاقی چارٹرڈ یونیورسٹیوں کی 10 ہزار نشستوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کیلئے پانچ فیصد اور وفاق کے ڈگری تفویض کرنے والے اداروں میں بھی پانچ فیصد جبکہ میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹہ مختص ہو گا، میرپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی فزیبلٹی سٹڈی جلد شروع کی جائیگی اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کو مقدمات کے اندراج کیلئے پاکستانی سفارتخانوں میں ای۔فائلنگ کی سہولت 60 دن میں فراہم کر دی جائیگی، بیرونی دنیا میں اپنے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالے 15 سمندر پار پاکستانیوں اور سٹیٹ بینک کے ذریعے سب سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھجوانے والے 15 سمندر پار پاکستانیوں کو ہر سال سول ایوارڈ دیا جائے گا، بیرون ملک مقیم پاکستانی خواتین کی پاکستان میں سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی بالائی حد میں رعایت پانچ سال سے بڑھا کر سات سال کی جا رہی ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانی مادر وطن میں بڑھ چڑھ کر سرمایہ کاری کریں، ان کو درپیش مسائل خود حل کروں گا۔تقریب سے سپہ سالارآرمی چیف جنرل سیدحافظ عاصم منیر نے بھی خطاب کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے دیکھا تھا، آج بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کویقین دلاتے ہیں کہ ان کےلئے ہمارے جذبات اس سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔آپ صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں بلکہ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو پورے اقوام عالم پر پڑتی ہے، جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے اور بیرون ملک پاکستانی اس کی عمدہ ترین مثال ہیں، آپ سب نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسل کو سنانی ہے، وہ کہانی جس کی بنیاد پر ہمارے آبا¶ اجداد نے پاکستان حاصل کیا ۔ دہشتگردوں کی 10 نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے بہا وسائل سے نوازا ہے جس پر ہمیں ہر وقت شکر ادا کرنا چاہیے، ہم آج مل کر یہ واضح پیغام دے رہے ہیں ’جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہو گا ہم مل کر اُس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے ‘ ۔ قارئین کرام!اوورسیز پاکستانیز ہماراقومی اثاثہ ہیں جس طرح حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کیلئے اقدامات اُٹھائے ہیں وُہ قابل تحسین ہیں آج وقت کا تقاضا ہے کہ بحیثیت اجتماعی اوورسیز پاکستانیز بھی وطن عزیز کی ترقی کیلئے مزیدسرمایہ کاری لیکر پاکستان آئیںاوروطن عزیز کی معیشت کو مزید مضبوط کریں۔وطن عزیز کیلئے مثبت معاشی اعشاریئے ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے اقدامات ،بہترین خارجہ پالیسی کی بدولت بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف وطن عزیز آنیوالے چند سالوں میں بیرونی قرضوں کے چنگل سے آزاد ہوجائیگا بلکہ آنیوالے سال پاکستان کی ترقی کے سال ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے