خاص خبریں

بھارت کی پھر دراندازی کی کوشش، 12ڈرونز تباہ،، ایک شہری شہید، 4 جوان فوجی جوان زخمی : ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت کی پھر دراندازی کی کوشش، 12ڈرونز تباہ،، ایک شہری شہید، 4 جوان فوجی جوان زخمی : ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں، پاک فوج نے بھارت کے 12 ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اور 8 مئی کی رات بھارت نے دوبارہ جارحیت کا مظاہرہ کیا، بھارت کی جانب سے 12 ہیرب ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاک فوج کے چوکنا اہلکاروں نے تباہ کیا، تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے گئے ہیں، لاہور کے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے جبکہ میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں، ہندوستان نے پاکستان کی فضائی حدود کی دوبارہ خلاف ورزی کی، یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، رات کو بھی افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے، بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے، جیسے جیسے صورت حال آگے بڑھتی رہے گی آپ کو میں اس حوالے سے آگاہ کرتا رہوں گا۔
ہندوستان کی رات کے وقت جارحیت انتہائی سنگین ہے لیکن ہم ہر قسم کی جارحیت اور جنونیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا عزم اور پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
اقوام عالم دیکھ رہے ہیں ہندوستان خطے سمیت پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، لگتا ہے ہندوستان عقل و فہم کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، ہندوستان کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی جس میں اس کے 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔
ایل او سی پر بھی بھارت کو بھاری جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا، بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کا عمل جاری ہے، افواج پاکستان بھارتی ڈرونز کو ایک ایک کر کے ناکارہ بنا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے