- الإعلانات -

ملک بھرمیں یوم دفاع کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر منایا

اسلام آباد: ملک بھرمیں آج 6 ستمبر کویوم دفاع پاکستان کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پرمنایا  جب کہ مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں ہوئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم دفاع پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کی ہدایت کی، جس پر سرکاری اداروں اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم دفاع اور کشمیر کی مختلف تقریبات منعقد ہوئیں۔

مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ مزار قائد پر فضائیہ کے کیڈٹس جبکہ مزار اقبال پر پاکستان رینجرز پنجاب کے دستے نے سلامی دی اور گارڈز کی ذمہ داری سنبھالی۔ میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اورفاتحہ خوانی ہوئی، پاک فوج کے جوانوں نے سلامی دی۔

یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی جس میں شہدا کو سلام پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور حاضرین سے خطاب کیا۔ تقریب میں 1965ء کی جنگ کی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

برکی علاقہ میں میجر عزیز بھٹی شہید، باٹا پور اور مناواں میں 1965ء کی جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا کی یادگاروں پر حکومتی،  فوجی شخصیات اور عام شہریوں کی طرف سے پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

پاکستان ایئر فورس کے زیر اہتمام ائیر بیس لاہور میں پاک فضائیہ کے زیر استعمال جنگی طیاروں اور دیگر سازو سامان کی نمائش ہوئی جبکہ ایئر فورس کے جدید طیاروں نے فلائی مارچ کیا۔ وفاقی وزرا، مختلف حکومتی اور سیاسی شخصیات شہداء کے گھر گئیں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔