- الإعلانات -

بلڈنگ میں دوکانوں کی قیمت وصول کرنے کے باوجود خرید کنندگان کو رجسٹریاں نہ کرکے دینے کی شکایات پر قانون کے مطابق کاروائی کی ہے

گجرات۔(سید عابد علی ) ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق میونسپل کارپوریشن گجرات نے علینا سنٹر کے مالکان کے خلاف بلڈنگ کے قابل استعمال ہونے بارے بلڈنگ ریسرچ اسٹیشن لاہور کی رپورٹ سے قبل عمارت میں تعمیراتی کام شرو ع کرکے لوگوں کے جان و مال کو خطرات سے دوچار کرنے، بلڈنگ میں دوکانوں کی قیمت وصول کرنے کے باوجود خرید کنندگان کو رجسٹریاں نہ کرکے دینے کی شکایات پر قانون کے مطابق کاروائی کی ہے، بلڈنگ مالکان کیطرف سے کسی بھی طور پر سیاستی انتقام کا نشانہ بنانے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ترجمان کے مطابق بھمبر روڈ پر واقعہ علینا سنٹر میں آتشزدگی سے دوکانوں اور رہائشی فلیٹس کو نقصان پہنچا تھا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اے ڈی سی جی توقیر الیاس چیمہ کی قیادت میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جس میں بلڈنگز، گیپکو، ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ افسران بھی شامل تھے، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ علینا سنٹر مالکان نے تعمیراتی کام کے دوران کثیر المنزلہ عمارتوں کیلئے حفاظتی انتظامات کو یکسر نظر انداز کر دیا تھا اور ہنگامی صورتحال میں انخلا، آتشزدگی کی صورت میں کنٹرول کے لئے انتظامات بھی موجود نہ تھے، علینا سنٹر مالکان نے دوران تعمیر قوانین کے مطابق عمارت کے اطراف خالی جگہ بھی نہ چھوڑی گئی بلکہ عمارت کی دیوار ارد گرد رہائشی مکانات سے متصل بنا دی گئی تھی، انہیں خامیوں کیوجہ سے چند ماہ قبل ہونیوالی آتشزدگی پر قابو پانے میں مشکلات پیش آئیں اور یہاں مکینوں اورکاروبار کرنیوالوں کو بھاری نقصانات اٹھانا پڑے۔ مزید برآں ضلعی انتظامیہ کو متعدد افراد نے درخواستیں دی تھیں کہ بتایا جائے علینا سنٹر بلڈنگ خطرناک تو نہیں جبکہ بعض دوکان داروں نے شکایت کی تھی کہ مالکان ان سے قیمت وصول کرنے کے باوجود رجسٹریاں کرکے دینے سے انکاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ایکسئن بلڈنگز گجرات کی تجویز پر بلڈنگ ریسرچ سنٹر لاہور کو مراسلہ بھجوایا تھا کہ علینا سنٹر کا معائنہ کرکے رپورٹ دی جائے کہ مذکورہ بلڈنگ خطرناک تو نہیں اور علینا سنٹر مالکان کو رپورٹ ملنے تک عمارت کے استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم علینا سنٹر مالکان نے رپورٹ کا انتظار کئے بغیر از خود یہاں دوبارہ مرمت کا کام شروع کر دیا جس سے کام کرنیوالے مزدوروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں جبکہ درخواست گزاروں کے مالکانہ حقوق کی تلفی کے بھی خدشات موجود ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن گجرات نے قانون کے مطابق ایکشن لیا اور ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔