- الإعلانات -

پولیس کی سماج دشمن عناصر کے خلاف بڑی کارروائی، 3 بین الاصوبائی خطرناک گینگز کے 6 ملزمان گرفتار ، ایک کروڑ روپے کا مال مسروقہ برآمد کر لیا

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یارخان منتظر مہدی نے پولیس تھانہ ظاہر پیر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تھانہ ظاہر پیر نے کارروائی کرکے تین خطرناک بین الصوبائی گینگز کے 6 ڈکیت گرفتار کر لئے ہیں گرفتار گینگز میں بین الصوبائی کار چور عزیز پٹھان گینگ، رانا خالد گینگ اور مویشی چور طاہر مگسی گینگ شامل ہیں گرفتار ملزمان سے ایک کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ جن میں 5 کاریں،1ٹریکٹر، 1بورنگ مشین، 9 بھینسیں اور 6 موٹرسائیکل شامل ہیں ۔ ڈی پی او منتظر مہدی نے بتایا کہ غیرقانونی اسلحہ 5 پسٹل، 2کلاشنکوف، 40 راونڈ بھی برآمد ہوئے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں ضلع میانوالی، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان سے ہے انہوں نے کہا کہ بڑی کارروائی پر ظاہر پیر پولیس مبارک باد کی مستحق ہے، ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ظاہر پیر کو ضلع کا دوسرا ماڈل تھانہ بنائیں گے، پولیس کے متعلق عوام کا اظہار اطمینان ہی دراصل ہماری کامیابی ہے،انھوں نے کہا کہ میڈیا کے مثبت کردار پر شکریہ ادا کرتا ہوں ، اچھی کارکردگی پر تھانہ ظاہرپیر کے اہلکاروں کو نقدی انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے گئے ، آخر میں ڈی پی او نے سائلین کے مسائل بھی سنے اور موقع پر کارروائی کے احکامات جاری کیے-