- الإعلانات -

لینڈ ریکارڈ سنٹر سرائے عالمگیر کی نئی دو منزلہ عمارت کا افتتاح کر دیا گیا

گجرات(ڈسٹرکٹ رپورٹر )لینڈ ریکارڈ سنٹر سرائے عالمگیر کی نئی دو منزلہ عمارت کا افتتاح کر دیا گیا، سول ہسپتال کوٹلہ کو ٹی ایچ کیو لیول پر اپ گریڈ کرنے کیلئے منصوبہ جلد حکومت پنجاب کو بھجوایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے افتتاح تقریب اور ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا، اے سی سرائے عالمگیر انیشہ ہشام، اے سی کھاریاں فیصل عباس مانگٹ،ا نچارج لینڈ ریکارڈ سنٹر محسن چیمہ و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق تحصیل کے101 کمپوٹرائزڈ موضعات کے اراضی مالکان کو خدمات کی فراہمی کیلئے لینڈ ریکارڈ سنٹر سرائے عالمگیر کی دو منزلہ عمارت کی تعمیر پر 29ملین روپے سے زائد خرچ ہوئے ہیں، عمارت میں مجموعی طور پر 120افراد کے لئے گنجائش موجود ہے اور یہ سنٹرلی ائیرکنڈیشنڈ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرانی عمارت میں ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ پانچ کاؤنٹرز لگ سکتے تھے تاہم نئی دو منزلہ عمارت میں بیک وقت 30سروس کاؤنٹرز لگانے کی گنجائش موجود ہے اسکے ساتھ بلڈنگ کیساتھ وسیع پارکنگ، کینٹین کی سہولت اور مسجد بھی موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل لینڈ ریکارڈ سنٹرز گجرات اور کھاریاں کی عمارتیں پہلے ہی مکمل کی جاچکی ہیں اور ان میں خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بعدازاں اے سی کھاریاں فیصل عباس مانگٹ کے ہمراہ سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خان کا دورہ کیا، ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں اور انکے لواحقین سے صحت عامہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خان 30بیڈز پر مشتمل ہے، علاقہ میں صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے اسی 60بیڈ کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز لیول ہسپتال کے طور پر اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ افسران کو اپ گریڈیشن کیلئے منصوبہ کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس کے بعد اسے منظوری اور ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے حکومت پنجاب سے درخواست کی جائے گی، اپ گریڈیشن سے ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور مزید طبی عملہ کی تعیناتی ہو سکے گی۔ اس سے قبل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔