- الإعلانات -

اینٹی ڈرگ سوسائٹی یونیورسٹی آف جھنگ کے زیر اہتمام چار روزہ انسداد منشیات آگاہی مہم کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)اینٹی ڈرگ سوسائٹی یونیورسٹی آف جھنگ کے زیر اہتمام چار روزہ انسداد منشیات آگاہی مہم کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا جو یونیورسٹی آف جھنگ سے شروع ہو کر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف کامرس جھنگ میں اختتام پزیر ہوئی۔ آگاہی مہم کی قیادت اینٹی ڈرگز سوسائٹی کے سربراہ اور کالج فیکلٹی نے کی جس میں کالج کی سینئر فیکلٹی، طلبہ و طالبات سمیت سول سوسائیٹی کے اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ واک کے اختتام پرانسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیاجس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف جھنگ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر اور مہمان مقرر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج جھنگ کے پروفیسر امتیاز حسین تھے۔سیمینارمیں طلبا وطالبات کی جانب سے منشیات کے نقصانات اور روک تھام کے موضوع پر مختصر ڈرامے پیش کیے گئے اورنظموں و تقاریر کے ذریعے نئی نسل کو منشیات جیسی لعنت سے تحفظ کے لئے تجاویز پیش کی گئیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف جھنگ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو منشیات کے استعمال کے روک تھام کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ طلبا ہمارے معمار ہیں اورآج کل ان میں نشے کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ رہاہے اور اس کے روک تھام کیلئے آگاہی بے حد ضروری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ جامع ہم نصابی سرگرمیوں کو جاری رکھے گی تاکہ آنے والی نئی نسل مستقبل کے لائف چیلنجز کا سینہ سپر ہو کر مقابلہ کر سکیں اور ملک و قوم کی خدمت کرنے کے اہل ہو سکے۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج جھنگ کے پروفیسر امتیاز حسین نے سیمینار میں نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچنے اور اس کا استعمال ترک کرنے بارے ترغیبی لیکچردیا۔انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال سے دور رہیں اور اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں۔سیمینار کے اختتام پر ناظم اعلیٰ جامعہ نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لئے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔تقریب میں سماجی کارکن ڈاکٹر ریاض نول اوریونیورسٹی وکالج کی سینئر فیکلٹی، طلبہ و طالبات سمیت سول سوسائیٹی کے ممبران کی کثیر تعداد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔