- الإعلانات -

جامعہ گجرات میں یوم کشمیر کو جوش و جذبہ سے مناتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان طلبہ ریلی کا انعقاد ہوا۔

گجرات (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جامعہ گجرات میں یوم کشمیر کو جوش و جذبہ سے مناتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان طلبہ ریلی کا انعقاد ہوا۔ شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام منعقدہ کشمیر ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے کی جبکہ ریلی میں ہزارہا طلبا و طالبات نے اپنے اساتذہ کی راہنمائی میں شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ بھارت 80لاکھ کشمیریوں کو محصور کرتے ہوئے ایک طویل عرصہ سے ان کے بنیادی انسانی حقوق کو سلب کرتے ہوئے غضب و چیرہ دستی کے بل بوتہ پر کشمیریوں کی جنم بھومی پر قبضہ کیے ہوئے ہے۔ جامعہ گجرات کے نوجوان اور پر عزم طلبا و طالبات نے کشمیری عوام کے حق میں نعرہ ہائے عزم بلند کرتے ہوئے کشمیری عوام کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ بھارت کے ہاتھوں مظلوم و مقہور کشمیریوں پر اذیت و کرب کے پہاڑ ڈھانا ناقابل برداشت عمل ہے۔ کشمیری عوام کو بھارتی تسلط و جارحیت سے نجات دلانا ہی قومی یکجہتی کا اصل مظہر ہے۔ جامعہ گجرات کے پر عزم طلبہ کشمیری عوام کی مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جامعہ گجرات کی طلبہ سوسائیٹیوں ایجوکیٹرز سوسائٹی اور حیاتین بلڈ ڈونیٹنگ سوسائٹی و دیگر کے طلبہ نے بھی اپنے عہدیداروں کی ہمراھی میں ریلی میں شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے صدور و اساتذہ بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ سینیئر فیکلٹی مبشر حسین نے ریلی کی باقاعدہ کاروائی کا آغاز کروایا جبکہ تلاوت قرآن حکیم کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانے پیش کیے گئے۔ ڈائریکٹرSSCغفار محی الدین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ریلی میں شریک طلبہ کے جوش و جذبہ کو مہمیز کیا۔