- الإعلانات -

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 684 کیسز، 5 اموات رپورٹ

دنیا کے تمام حصوں کو متاثر کرنے والے مہلک کورونا وائرس کی صورتحال گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستان میں بہتری کی جانب گامزن تھی لیکن اب کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان میں آج 27 ستمبر کی دوپہر تک مزید 684 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 6 مریض انتقال کر گئے جبکہ 280 افراد صحتیاب ہوگئے۔

آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز سامنے آنے والے 81 جبکہ خیبرپختونخوا کے 29 کیسز بھی شامل ہیں۔

ملک میں ابھی تک 3 لاکھ 10 ہزار 275 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں تاہم ان میں سے 2 لاکھ 95 ہزار 613 صحتیاب ہوگئے ہیں اور 6 ہزار 457 مریض انتقال کر گئے۔

تحریر جاری ہے‎

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا جس کے بعد اب تک اس وائرس کو 7 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد ہوگئی تھیں۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

رواں ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر میں کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 27 ستمبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

پنجاب
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 187 کیسز ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 187 کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو 99 ہزار 128 تک پہنچا دیا۔

مزید ایک مریض کے انتقال کر جانے سے پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 230 ہوگئی ہے۔

سندھ
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے میں گزشتہ روز مزید 278 افراد وبا سے متاثر پائے گئے جبکہ 5 مریض لقمہ اجل بنے۔

نئے کیسز اور اموات کے بعد سندھ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 766 ہوگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 486 ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 73 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 16 ہزار 440 ہوگئے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد 181 ہے۔

گلگت بلتستان
ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 27 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 27 نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 3 ہزار 662 تک پہنچ گئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 85 ہے۔

آزاد کشمیر
وبا سے ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں یہ عالمی وبا مزید 14 افراد کو متاثر کرگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 14 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 649 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد
پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 280 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 280 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 613 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 310275

اموات: 6457

صحتیاب: 295613

فعال کیسز: 8205

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 766 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد99 ہزار 128 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 617 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 13 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 440، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 662 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 649 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2486

پنجاب: 2230

خیبرپختونخوا: 1259

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 181

گلگت بلتستان: 85

آزاد کشمیر: 71