- الإعلانات -

پریوں کی کہانی سے بھرپور سیریز ’دی کراؤن‘

اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی جلد ریلیز ہونے والی معروف اور متنازع ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کے چوتھے سیزن کے ٹریلر نے دھوم مچادی۔

’دی کراؤن 4‘ چار سال قبل شروع ہونے والی سیریز کا چوتھا حصہ ہے، جسے آئندہ ماہ 15 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

دو منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹریلر میں نہ صرف شہزادی ڈیانا اور ان کے شوہر چارلس کی شادی اور رومانس کو دکھایا گیا ہے بلکہ ٹریلر میں برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔ٹریلر میں پس پردہ آواز میں برطانوی شاہی محل کی پریوں کی رومانوی کہانی کو پیش کیا گیا ہے اور ٹریلر کو دیکھ کر عندیہ ملتا ہے کہ اس بار ’دی کراؤن‘ کا چوتھا حصہ اپنے پرانے سیزنز کے ریکارڈز بھی توڑ دے گا۔

تحریر جاری ہے‎

’دی کراؤن‘ کو ابتدائی طور پر نومبر 2016 میں جاری کیا گیا تھا اور اس سیریز کے پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کا شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔

’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی اس کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالے جانے سے ہوتا ہے۔

’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا اور دوسرے سیزن کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔

سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا ہے بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

’دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا۔

سیریز کا چوتھا سیزن اب نومبر 2020 میں ریلیز کیا جائے گا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا جائے گا۔

چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا جائے گا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے جائیں گے۔

چوتھے سیزن میں لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی سمیت ممکنہ طور پر لیڈی ڈیانا کے معاشقوں کو بھی دکھایا جائے گا۔

مذکورہ سیزن کے بعد ’دی کراؤن‘ کے پانچویں اور چھٹے سیزن کو بھی جاری کیا جائے گا اور تمام سیزنز کی کہانی ملکہ برطانیہ کے گرد گھومے گی۔

پہلے اور دوسرے سیزن میں ملکہ برطانیہ کا کردار اداکارہ 36 سالہ اداکارہ کلیری ایلزتھ فائے نے ادا کیا تھا جب کہ تیسرے اور چوتھے سیزن میں ان کا کردار اداکارہ اولیویا کولمین ادا کرتی دکھائی دیں گی۔