- الإعلانات -

کورونا وبا کی دوسری لہر؛ وزیر اعظم نے اہم فیصلوں کے لیے آج اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: کورونا وائرس کی صورت حال پر قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے جس میں کاروباری مراکز کے اوقات کار سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔وزیر اعظم نے گزشتہ روز کورونا وائرس کی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔ آج ہونے والے اجلاس میں کاروباری مراکز کے اوقات کار اور شادی ہالز سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ علاوہ ازیں قومی رابطہ کمیٹی تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے این سی او سی کی سفارشات اور وزرائے تعلیم کانفرنس کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ملکی سطح پر کورونا کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس کو این سی او سی کی جانب سے سے کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے آگاہ کیاگیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں کرونا کے پھیلاؤ، وبا سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور ہسپتالوں کی استعداد کار سمیت مختلف پہلوؤں کی تفصیلات بتائی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ہمیں کورونا وائرس کے دوسرے مرحلے میں بھی سنجیدگی، توازن اور احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے، وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور عام لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں.وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کے پہلے مرحلے میں قابلِ تقلید حکمت عملی اور بروقت فیصلوں سے وبا پر قابو پایا جس کی دنیا معترف ہے۔ اب ہمیں دوسرے مرحلے میں بھی سنجیدگی، توازن اور احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے۔