- الإعلانات -

نوازشریف کی والدہ کی نمازِ جنازہ آج لندن میں ادا کی جائے گی

لندن : سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ کی نمازجنازہ آج لندن میں ادا کی جائے گی ، جس کے بعد میت کو پاکستان کیلئے روانہ کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ کی نمازجنازہ آج11بجےلندن میں ادا کی جائے گی ، نماز جنازہ میں صرف خاندان کے افراد شریک ہوں گے۔

جس کے بعد میت کو آج شام پاکستان کیلئے روانہ کیا جائے گا اور میت نجی ایئرلائن کی پروازسے ہفتے کو لاہور پہنچے گی، نواز شریف اور شہباز شریف کی ہمشیرہ اور ان کے دونوں بہنوئی جسد خاکی کے ہمراہ آئیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ بیگم شیم اختر کی نماز جنازہ شریف سٹی کےگراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، جس دن جسد خاکی آئے گا اسی دن نماز جنازہ ہوگا اور آبائی قبرستان میں تدفین ہوگی۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جیسے ہی نماز جنازہ کا وقت طے ہوگا عوام الناس کو بتا دیا جائے گا، نواز شریف کے معالجین نے انہیں سفر کرنے سے منع کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ انکا علاج مکمل ہو،ہم کوئی رسک نہیں لینا چاہتے۔واضح رہے کہ نواز اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 93 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئیں تھیں۔ ان کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی سمیت ملک بھر کی سیاسی و مذہبی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ۔