- الإعلانات -

بھارتی پروپیگنڈا اورسائبر وار کا پول ایک بارپھرکھل گیا، دفتر خارجہ

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈے پر حالیہ رپورٹ پاکستان کے مؤقف کی تائید ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا اورسائبر وار کا پول ایک بارپھرکھل گیا، ایک ریاست سائبر اسپیس، انٹرنیٹ اور میڈیا کو ایک ملک کے خلاف دشمنی کے فروغ میں استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان معاملے کو تمام ممکنہ پلیٹ فارمز پر اٹھائے گا، بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، ہماری مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب کے لیے تیار ہیں۔ خیال رہے کہ یورپی یونین میں فیک نیوز پر کام کرنے والے تحقیقی ادارے ‘ای یو ڈس انفو لیب’ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سری واستو گروپ اور انڈین کرونیکلز گمراہ کن خبروں کا بھارتی نیٹ ورک ہے جو15 سال سے اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو جھانسہ دے رہاہے۔

متعدد بار اقوام متحدہ کے فورم پر پاکستان کے خلاف آواز بھی بلند کرائی گئی۔ ای یو کرونیکلز پر چلنے والی پاکستان مخالف خبروں اور مضامین کو شائع کر کے انڈیا میں دیگر میڈیا کے اداروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ برسلز میں یورپی پارلیمان میں اس گروپ سے وابستہ اداروں کی کوشش ہوتی ہے کہ ممبر پارلیمان کی قربت حاصل کی جائے اور ان کے ذریعے پاکستان کے خلاف پارلیمان میں آوازیں بلند اور جعلی میڈیا اداروں میں مضامین لکھوائے جائیں۔