- الإعلانات -

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس، سندھ میں امن وامان یقینی بنانےکیلیے اقدامات کا فیصلہ

وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سندھ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینےکے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ اسٹریٹیجی کمیٹی کی اجلاس میں وفاقی حکومت سے مشاورت مکمل ہوگئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں رینجرز، اے این ایف، ایف آئی اے، اور کسٹم کو متحرک کیا جائے گا اور سندھ کےعوام کوڈاکوؤں،بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا پہلا ٹارگٹ سندھ سے ڈاکو راج کا خاتمہ ہوگا،ڈاکوؤں کے خلاف سندھ کے مخصوص مقامات پر آپریشن ہوں گے، چاروں وفاقی ادارے باہمی اشتراک سے کارروائی کی اپنی اپنی منصوبہ بندی کریں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں امن و امان یقینی بنایا جائےگا اور ڈاکوؤں کا ہر جگہ پر محاسبہ کیا جائےگا۔