- الإعلانات -

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کراچی کی سیاست میں واپسی کیلئے پر تولنے لگے

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کراچی کی سیاست میں واپسی کیلئے پر تولنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کی مقتدر سیاسی حلقوں کے ڈاکٹر عشرت العباد سے شہر کی سیاست میں واپسی کیلئے رابطے ہوئے ہیں۔ سندھ میں طویل عرصے تک گورنر کے عہدے پر براجمان رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ 2018 کے انتخابات کے موقع پر اہم شخصیات انھیں سیاست میں فعال دیکھنا چاہتی تھیں۔

تاہم ڈاکٹر عشرت العباد نے سیاست میں واپسی کیلئے کی گئی پیشکش اور یقین دہانی کے حوالے سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ 2013 میں مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کے بعد کراچی آپریشن کو اسلام آباد سے مکمل حمایت ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف سے کہا تھا کہ آپ صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ میرے دلائل سے قائل ہوکر گرین لائن، ایم 9 موٹروے اور ملیر ایکسپریس کی منظوری دی گئی اور کام شروع ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ گورنری چھوڑ کر لندن میں گھر ہونے کے باوجود ذہنی سکون کی خاطر دبئی میں رہنے کو ترجیح دی۔

ڈاکٹر عشرت العباد کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے شہروں کیلئے بہت کچھ حاصل کرنے والی پارٹی نے خود کو تباہی کی طرف دھکیل دیا جبکہ متوسط طبقے کی نمائندگی کرنے والی جماعت کو چند انتہا پسند خیالات والوں نے ٹکڑوں میں تقسیم کردیا اور اس لیے قومی اثاثہ سمجھی جانے والی جماعت پالیسی سازوں کی نظر میں بوجھ بن گئی۔