- الإعلانات -

عمران خان اب بھی سسٹم کا لاڈلہ ہے: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار پھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے۔ اتی امرا لاہور میں مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کبھی سسٹم کا لاڈلہ نہیں رہا لیکن عمران خان اب بھی سسٹم کا لاڈلہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آئین توڑنے کا جو کام عمران خان اور اس کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے کیا وہ اگر نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نے کیا ہوتا تو ہماری لاشیں چوکوں پر ٹنگی ہوتیں ۔ انھوں نے کہا کہ عمران کا سیاست میں کردار غنڈا گردی کرانے والے کا رہ گیا ہے، اداروں کو سوچنا چاہیے کہ اسے خوراک کیوں دے رہے ہیں۔

ملتان میں عمران خان کے نامناسب جملے پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کی بیٹی کی عمر کی ہوں، اپنے متعلق عمران خان کے نازیبا الفاظ سن کر حیرت نہیں ہوئی، عمران خان سے بہتر اخلاق کی توقع نہیں ہے، میرے پاس عمران کے خلاف اتنا سیاسی مواد ہے کہ ذاتی حملے کرنے کی ضرورت نہیں، میں تو اس شخص کی طرف مڑ کر بھی نہ دیکھوں۔

خیال رہے کہ ملتان جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو’۔