- الإعلانات -

برہان وانی کی برسی؛ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں شہید کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی کو ایک بار پھر پولیس چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا جب کہ کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے انٹرنیٹ سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے شہید کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقع پر  پولیس نے انٹرنیٹ سروس مہیا کرنے والوں کو آج رات 10 بجے سے مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگلے حکم نامے تک سروس مہیا نہ کی جائیں۔

اس سلسلے میں پولیس نے ایک حکم نامہ بھی جاری کیا جس کے مطابق وادی میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا غلط استعمال کیا جاسکتا ہے لہذا آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ سوشل میڈیا کی تمام ویب سائٹس کو بند کردیا جائے۔

دوسری جانب حزب المجاہدین کے کمانڈر شہید برہان وانی کی برسی  قریب آتے ہی مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات پھر کشیدہ ہیں، مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری  وادی میں گشت کر رہی ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پربی جے پی کے سابق رہنما یشونت سنہا نے بھی چپ کا روزہ توڑتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کے حالات کئی سال سے بی جے پی حکومت کے جھوٹے وعدوں کا نتیجہ ہے، صورتحال بہتر کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ تمام فریقین سے مذاکرات کئے جائیں،ان میں حریت رہنما اور پاکستان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے 8 جولائی کو کشمیریوں کی تحریک میں نئی روح پھونکنے والے نوجوان برہان مظفر وانی کی پہلی برسی منائی جائے گی۔