- الإعلانات -

شام: الرقہ میں امریکی اتحاد کے حملے،1ماہ میں 224شہری ہلاک

شام کے شمالی شہر الرقہ میں امریکا کی قیادت میں اتحاد کے گزشتہ ایک ماہ کے دوران فضائی حملوں میں 224شہری ہلاک ہوگئے۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ داعش کے مضبوط گڑھ الرقہ میں امریکی اتحادیوں کی حمایت یافتہ شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف) کے جنگجو قریباً ایک ماہ قبل داخل ہوئے تھے ۔

اس دوران امریکی اور دوسرے ممالک کے لڑاکا طیاروں نے شہری علاقوں پر مسلسل بمباری کی جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں،مرنے والوں میں 38بچے اور 28خواتین بھی شامل ہیں۔

امریکی اتحاد نے اس رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ناقدین تفصیلی جائزے کے بغیر ہلاکتوں کے اعداد وشمار جاری کررہے ہیں۔

اتحاد کے ترجمان کرنل ریان ڈیلن کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کے اعداد وشمار اکٹھے کیے جارہے ہیں جو جمعے کو (آج) جاری کیے جائیں گے۔