- الإعلانات -

اداکار شاہد آج 67 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

کیریئر کا آغاز 1971 میں فلم” آنسو ” سے کیا ، ”امرائو جان ادا ” ان کے کیریئر کی سپرہٹ فلموں میں سے ایک ہے

لاہور  پاکستانی فلم سٹار اداکار شاہد آج اپنی 67 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔ پاکستانی اداکار شاہد نے ستر اور 80 کی دہائی میں پاکستان فلم انڈسٹری میں اپنا سکہ جمایا ، ان کی پہلی فلم   آنسو   1971 میں ریلیز ہوئی ۔ اداکار شاہد نے 150 فلموں میں کام کیا ۔ انہوں نے اپنے دور کی تقریباً ہر ہیروئن کے ساتھ کام کیا ۔   امرائو جان ادا   اداکار شاہد کی سپرہٹ فلموں میں ایک ہے ۔ شاہد کو ان کے فن پر متعدد ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ سید نور کی فلم محافظ پر انہیں گریجوایٹ ایوارڈ اور کینیڈا سے بھی ایک ایوارڈ ان کے حصے آیا ۔ اداکار شاہد کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ ان کی کئی فلموں کی کہانیاں اور گانے بھارت میں چوری کئے گئے ۔ ان میں فلم    اللہ میری توبہ    قابل ذکر ہے جس میں انہوں نے ڈبل رول پرفارم کیا تھا ۔ اس فلم کی کہانی کو بالی ووڈ فلم    حسینہ مان جائے گی    میں ہوبہو کاپی کیا گیا جس میں ششی کپور نے مرکزی کردار کیا تھا ۔
اداکار شاہد کو رومانوی اور ٹریجڈی کرداروں کے حوالے سے خاص شہرت حاصل تھی ۔ ان کی فلموں کی کامیابی کی ایک خاص وجہ ان کے چہرے کے زبردست تاثرات بھی ہوا کرتے تھے جس کا بہترین استعمال ان کی فلموں کا خاصہ تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس دور میں اداکار ندیم ، محمد علی اور وحید مراد کی موجودگی کے باوجود لالی ووڈ میں اپنی جگہ مستحکم کی اور لوگوں کے دلوں پر راج کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ اداکار شاہد نے فلم کے علاوہ ٹی وی ڈرامہ سیریلز میں بھی کام کیا جس میں ان کی اداکاری کو مداحوں کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی ۔