- الإعلانات -

وزیر داخلہ سے اسحاق ڈار، شہباز شریف اور سعد رفیق کی ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی ناراضگی نے لیگی رہنماؤں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ وزراء کی کئی حاضریوں کے بعد بالآخر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خود میدان میں آ گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر ریلویز اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر داخلہ سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات چودھری نثار کی ناراضی ختم کرنے کی خاطر کی گئی۔ ملاقات میں چودھری صاحب کے شکوے شکایتیں سننے اور انہیں دور کرنے کے عہد و پیمان کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پنجاب ہاؤس سے روانہ ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تاحال وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ وہ تاحال اس بات پر مصر ہیں کہ وہ پریس کانفرنس کرکے اپنے تحفطات کا اظہار کریں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کل وزیر داخلہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب دوبارہ ملاقات بھی کریں گے۔ آج تینوں رہنماؤں کی وزیر داخلہ سے ملاقات ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہی۔