- الإعلانات -

پارٹی کے فیصلے کے مطابق عہدہ اگلے وزیراعظم کے حوالے کرونگا: نامزد وزیر اعظم

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کے بعد نامزد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ پارٹی کے فیصلے کے مطابق عہدہ اگلے وزیر اعظم کے حوالے کروں گا۔

نواز کابینہ کے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کے صفِ اوّل کے رہنماء ہیں جو سات بار الیکشن لڑے، چھ بار جیتے، صرف ایک بار شکست ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی 27 دسمبر 1958ء کو مری میں پیدا ہوئے۔ لارنس کالج مری سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور 1978ء میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ والد کی وفات کے بعد 1988ء میں آبائی حلقے این اے پچاس مری سے الیکشن لڑا اور پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

شاہد خاقان عباسی 1990ء میں دوسری، 1993ء میں تیسری مرتبہ جبکہ 1997ء میں چوتھی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ تاہم 2002ء کے عام انتخابات میں انہیں شکست ہوئی۔ شاہد خاقان عباسی 2008ء اور پھر 2013ء میں بھی کامیاب ہوئے اور وزیر پٹرولیم بنے۔ شاہد خاقان عباسی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین اور چیئرمین پی آئی اے کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔