- الإعلانات -

کشمیری الحاق پاکستان کے علاوہ کسی آپشن کا سوچ بھی نہیں سکتے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیری 70 سال سے پاکستان کا حصہ بننے کی جدوجہد کررہے ہیں اور الحاق پاکستان کے علاوہ کسی آپشن کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے پراپنے خیالات کا اظہارکیا تھا، پریس کانفرنس کو جس طرح شائع کیا گیا اسکی تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت کےساتھ وابستہ ہے، پاکستان کے خلاف کوئی بات کرے توہمیں تکلیف ہوتی ہے، کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہوگا توہم بھی خود کومحفوظ سمجھیں گے، ہماری جان پاکستان کے اندر ہے۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کی تھی اور وہ اب بھی اس پر قائم ہیں۔ نواز شریف ان کے قائد ہیں اور انہیں ان کو وزیراعظم کہنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عملاً کوئی حکومت نہیں ہے، ٹرمپ انتظامیہ کا اہم نمایندہ پاکستان کا پہلادورہ کررہا ہے، اتنےاہم دورے پر وہ کس سے ملاقاتیں کرے گا، کسی کو پتا نہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کشمیریوں کے لیے خوشحالی کی ضامن ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے نئے پاکستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا، ملک میں محب وطن کا سرٹیفکیٹ دینا بند کرنا چاہیے۔