- الإعلانات -

لاہور میں دہشتگردی کا خطرہ، کئی علاقے حساس قرار

وزیر اعظم کی نااہلی کے فیصلے کے بعد لاہور سمیت مختلف اضلاع میں مظاہرے، ریلیوں، جلسے اور جلوسوں میں ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر اہم شاہراہوں سمیت حساس مقامات پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی پر مقدمات درج کر کے گرفتاریوں کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی نااہلی کے فیصلے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں (ن) لیگ کے حامی مشتعل ہیں۔ کارکنوں نے اہم شاہراہوں، چوکوں، گلیوں، بازاروں میں جلوس نکالے اور نعرہ بازی کرتے رہے۔ دوسری جانب دیگر سیاسی پارٹیوں نے وزیر اعظم کی نااہلی کے فیصلے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے 20 علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے جن میں مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ، والٹن روڈ، کینٹ، شمالی چھاﺅنی و دیگر مقامات موجود ہیں۔