- الإعلانات -

نواز شریف کی برطرفی پالیسیوں میں عدم استحکام بڑھائے گی: موڈیز

نواز شریف کی برطرفی پالیسیوں میں عدم استحکام بڑھائے گی، عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات معاشی اصلاحات کے عمل کو سست کرسکتے ہیں۔

عالمی ریٹنگ کے ادارے” موڈیز” نے پاکستان کے موجودہ حالات پر خصوصی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بطور وزیر اعظم نواز شریف کی برطرفی پر تجزیہ دیا گیا ہے، موڈیز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی برطرفی اور ان کے خاندان سے پوچھ گچھ فیصلہ سازی کے عمل کو متاثر کرے گی اور مستقبل میں پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات ملک کی کریڈیٹ پروفائل پر اثرات مرتب کریں گے، جس کے باعث بیرونی قرضوں کی حصولی میں مشکلات کا سامنا ہوگا، دوسری جانب مالیاتی استحکام کا عمل متاثر ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر ایک بار پھر کم ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

موڈیز کا مزید کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے پر عملدرآمد سے سرمایا کاری میں اضافہ اور برآمدات بڑھے گی جس سے معاشی ترقی کی شرح میں مزید اضافے کی توقع ہے۔