- الإعلانات -

طوفانی بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ چھتیں گرنے اور نالے بپھرنے سے جانی نقصان بھی ہوا، اسلام آباد کے علاقے ترنول میں مکان کی چھت گر گئی جس سے تین بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ بچہ زخمی ہو گیا۔ جہلم میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جان سے چلا گیا، 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔ اٹک کے علاقے سے حسن ابدال میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پانچ سالہ بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔ گجرات میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث بارش زحمت بن گئی۔ چارسدہ، شبقدر اور تنگی میں رات بھر ہونیوالی شدید بارش نے تباہی مچائی۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں بنوں میں بھی ندی نالے بپھر گئے جس سے سکول اور 7 مکان مہندم ہو گئے جبکہ ایک شخص برساتی نالے میں بہہ کر جاں بحق ہو گیا۔ نکیال آزاد کشمیر اور گرد و نواح میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جس سے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔