- الإعلانات -

پی ٹی آئی نے عائشہ گلالئی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، پارٹی رکنیت معطل

عائشہ گلالئی کو نوٹس پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی طرف سے جاری کیا گیا۔ نوٹس میں عائشہ گلا لئی سے کہا گیا ہے کہ آپ نے نیوز کانفرنس میں توہین آمیز اور گھٹیا زبان استعمال کی، آپ نے ایم این اے کی حیثیت سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی سے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بھی مانگ لیا۔
عائشہ گلالئی کو بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے پارٹی کے نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی کی، چاہئے تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف اپنے تحفظات مرکزی قیادت کے سامنے رکھتیں، آپ نے گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات کر کے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی، آپ نے نون لیگ خیبر پختونخوا کی قیادت سے بھی ملاقات کی اور پارٹی قیادت کی کردار کشی کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔

جہانگیر ترین کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ وزارت عظمیٰ کے لئے پارٹی کے نامزد امیدوار کو ووٹ دینے کی پابند تھیں، پارٹی کے نامزد امیدوار کو ووٹ نہ دیکر آپ نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی، سات یوم میں تحریری جواب دیں کہ کیوں نہ آپ کی پارٹی رکنیت منسوخ نہ کر دی جائے؟