- الإعلانات -

نثار کے علاوہ نواز کابینہ کے تمام وزراء برقرار، کل حلف اٹھائیں گے

حمزہ شہباز کے گھر نون لیگ کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھے اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلے کئے۔ ذرائع کے مطابق، عبدالرحمان کانجو کو وزیر اور پرویز ملک کو وزیرِ مملکت برائے تجارت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دانیال عزیز کو بھی وزارت ملے گی، احسن اقبال کی وزارت تبدیل ہو گی، اسحاق ڈار وزیر خزانہ اور مریم اورنگزیب وزیر اطلاعات رہیں گی۔ وزارت داخلہ میں بھی ایک وزیر مملکت ہو گا۔
وفاقی کابینہ کل صبح نو بجے حلف اٹھائے گی۔ صدر ممنون وزراء سے حلف لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں چند اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں اور خواجہ آصف کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہباز شریف کو الیکشن لڑانے یا نہ لڑانے کا فیصلہ 3 دن میں ہو گا۔ چودھری نثار نے وزیر اعظم شاہد خاقان کے اسرار کے باوجود کابینہ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف چھانگلہ گلی سے روانہ ہو گئے ہیں۔

وفاقی کابینہ میں نئے وزیر داخلہ کے علاوہ تین چار مزید نئے وزراء کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہباز شریف کو وزیر اعلیٰ برقرار رکھنے یا مرکز میں لانے سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا اور اس حوالے سے مشاورت ابھی جاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تاحال نون لیگ نے این اے 120 کے ٹکٹ کا فیصلہ بھی نہیں کیا۔

لیگی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بیشتر وزارتیں انہیں وزراء کے پاس رہیں گی جو نواز کابینہ میں انہیں چلا رہے تھے۔ تاہم، چودھری نثار نے باضابطہ طور پر وزیر اعظم شاہد خاقان کو بتا دیا ہے کہ وہ ان کی کابینہ میں کوئی وزارت نہیں لیں گے لیکن اگر شہباز شریف وزیر اعظم بنے تو وہ ان کی کابینہ میں شامل ہونے پر تیار ہیں۔

کس کو کون سی وزارت دیں؟ اس سوال کا جواب تلاش کرنے کیلئے نون لیگ کے بڑوں نے مری میں پانچ گھنٹے مشاورت کی۔ اجلاس میں داخلہ، خارجہ اور دفاع کی وزارتوں کیلئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔ شہباز شریف کو وفاق میں ذمہ داری دینے یا نہ دینے پر بھی سوچ بچار کی گئی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی طویل مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب ابھی مری میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ہی موجود ہیں۔ مشاورتی اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید بھی شریک ہوئے۔ دوسری جانب، دانیال عزیز اور مریم اورنگزیب بھی ڈونگا گلی میں واقع حمزہ شہباز کے گھر پہنچ گئے ہیں۔