- الإعلانات -

‘عائشہ گلالئی خاتون ہیں، احترام کرتا ہوں، سازش کے پیچھے نون لیگ ہے’

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے عائشہ گلالئی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ استعمال ہوئی ہیں۔ توقع نہیں تھی کہ وہ اس حد تک جائیں گی، انھیں اگر کوئی میسج آیا تو اس دوران بتانا چاہیے تھا۔ ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں خواتین کی عزت کی جاتی ہے جبکہ ہمارے جلسوں میں بھی سب سے زیادہ خواتین ہی آتی ہیں۔ مجھے تعجب ہے کہ عائشہ گلالئی اس لیول پر کیسے چلی گئی؟ اگر وہ سچی ہیں تو انھیں پہلے ہی سٹینڈ لینا چاہیے تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ انھیں بدنام کرنے کی سازش کے پیچھے ن لیگ ہے اور وہ میرے خلاف ہر حربہ استعمال کریں گے، لیکن میں تیار ہوں۔ یہ سیاست دان نہیں مافیا ہے، ہر قسم کا گند اچھالیں گے اور پیسہ چلائیں گے۔ سٹیٹس کو اس نظام کو بچانے کی کوشش کرے گی لیکن نہیں بچا سکے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کا کہنا تھا کہ شادی کی آفر پر بات نہیں کرنا چاہتا، عائشہ گلالئی نے خود کو پھنسا لیا ہے۔ میرا ایمان ہے کہ اگر کچھ غلط کیا ہو گا تو ذلیل ہوں گا۔ عزت اور ذلت صرف خدا کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے ماضی کی بات کرتے ہوئے کہا کہ شریفوں نے جو نصرت بھٹو، بے نظیر اور جمائما سے کیا، وہ اب تک مجھے یاد ہے. احتساب کا عمل اب نہیں رکے گا۔ ملک میں پہلی دفعہ طاقت ور کا احتساب ہوا ہے، اس لیے تمام کرپٹ افراد اب ڈر رہے ہیں۔