- الإعلانات -

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لاہور آمد کا شیڈول اور روٹ تبدیل

سکیورٹی خدشات یا بھرپور پاور شو کی حکمت عملی؟ سبب جو بھی ہے مگر خبر یہ ہے کہ نواز شریف کی لاہور آمد کا شیڈول اور روٹ دونوں اچانک تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔ اب موٹروے کی بجائے جی ٹی روڈ کے ذریعے بدھ کو لاہور آئیں گے۔ سابق وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں شریک رہنماؤں کی اکثریت نے نواز شریف سے جی ٹی روڈ سے لاہور جانے پر اصرار کیا۔ نواز شریف نے خود بھی موٹر وے کی بجائے جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ سے متصل شہروں میں نواز لیگ نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے، کارکنوں کی زیادہ تعداد میں آمد سے بھرپور
پاور شو کا موقع ملے گا۔

ترجمان مسلم لیگ ن سینیٹر آصٖف کرمانی کا کہنا ہے کہ نواز شریف بدھ کی صبح نو بجے اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے کئے گئے اعلان کے مطابق، سابق وزیر اعظم نے اتوار کو بذریعہ موٹر وے لاہور آنا تھا اور نواز شریف کے استقبال کیلئے تیاریاں بھی زور و شور سے جاری تھیں۔