- الإعلانات -

نواز شریف کو ماڈل ٹائون کے 14 شہدا کی بددعا لگ گئی :شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے عوامی تحریک کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوازشریف کو 14 شہدا کی بددعا لگی ہےن لیگ چاہتی ہے پاک فوج پنجاب پولیس اور عدلیہ نظریہ ضرورت بن جائے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کل سے گلی گلی میں ٹھوکریں کھائیں گے ، شہدائے ماڈل ٹائون قبر کی دیوار تک ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ اور فوج کے خلاف سڑکوں پر نکل رہے ہیں ،

ان کی خواہش ہے کہ پاک فوج پنجاب پولیس اور عدلیہ نظریہ ضرورت بن جائے ، اس کے علاوہ ان کی خواہش ہے کہ نیب ان کو کسی کیس میں طلب نہ کرے ۔ شیخ رشید نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ میں نے کہا تھا پپو 5 پیپروں میں فیل ہو گا اور آج وہ پانچوں پیپروں میں فیل ہوچکا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ اگر ریلی کے دوران جی ٹی روڈ پر کوئی غریب کا بیٹا مارا گیا تو نواز شریف پر ایف آئی آر کٹے گی ، پوری دنیا میں پاناما دستاویزات میں جس جس عہدیدار کا نام آیا اس نے استعفیٰ دیا ، لیکن ن لیگ کو ملک سے زیادہ اپنی دولت بچانے کی تمنا تھی،

آج سابق وزیر اعظم عوام کو کہہ رہے ہیں کہ میرے بیٹے کا تو بس معمولی سا اقامہ ظاہر ہوا ہے اسے کیوں سزا دی گئی ، آج نواز شریف فوج سے این آر او اور راستہ مانگ رہے ہیں کہ نیب ریفرنس دائر نہ کیا جائے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر نواز شریف کے خلاف ریفرنس نہ کھولے گئے تو میں عدالت سے رجوع کروں گا ، انہوں نے چیلنج کیا کہ شاہد خاقان عباسی دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی 15 سال کیلئے پاکستان لائے جس سے خسارے میں اضافہ ہوا ، میں چیلنج کرتا ہوں کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی معاہدے میں کمیشن کھائی ، اگر میں یہ بات ثابت نہ کرسکا تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا ۔