- الإعلانات -

نواز شریف بلٹ پروف گاڑی سے باہر نہیں نکلیں گے

محکمہ داخلہ پنجاب نے (ن) لیگ کی اسلام آباد سے لاہورریلی کے دوران قیام امن کیلئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی میں لے جانے ، ریلی کو جلد منزل تک پہنچانے اور راستے میں گڑ بڑ سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی سمیت تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیدی ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریلی کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات کے تحت قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تمام تر انتظامات کر لئے ہیں جن کے تحت سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی میں اسلام آباد سے لاہور لے جایا جائے گا اور انہیں منزل تک پہنچنے سے پہلے گاڑی سے باہر نہیں نکلنے دیا جائے گا ۔

ریلی کے راستے میں کثیر تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جو قانون کی عملداری یقینی بنائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جی ٹی روڈ پر واقع تحریک انصاف کے دفاتر ریلی کے دوران بند رکھے جائیں گے اور راستے میں گڑ بڑ کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔