- الإعلانات -

آسٹریلیا اور بھارت کے پاس عالمی نمبر ایک بننے کا نادر موقع

اسلام آباد: عالمی چیمپیئن آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں رواں ماہ شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کیلئے قسمت آزمائی کریں گی جہاں دونوں ٹیموں کے پاس جنوبی افریقہ سے پہلی پوزیشن چھیننے کا نادر موقع ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے مابین ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاپ پوزیشن کیلئے جنگ ہو گی۔

اس وقت آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقن ٹیم 119 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے، آسٹریلیا اور بھارت 117، 117 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

دونوں میں سے جو بھی ٹیم 5-0 یا 4-1 سے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی تو وہ عالمی درجہ بندی میں پروٹیز کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دے گی۔

اگر بھارتی ٹیم 5-0 سے کامیاب ہوئی تو اس کے 122 اور کینگروز کے 113 پوائنٹس ہو جائیں گے جبکہ اگر بھارت 4-1 سے جیتا تو اس کے 120 اور آسٹریلیا کے 114 پوائنٹس ہوں گے۔

3-2 سے فتح کی صورت میں بھارت 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ جائے گا جبکہ کینگروز تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے جائیں گے۔

اسی طرح آسٹریلوی ٹیم بھارت کو وائٹ واش کر کے 122 پوائنٹس حاصل کر سکتی ہے جبکہ 4-1 سے فتح کی صورت میں بھی کینگروز ٹاپ پوزیشن پر چلے جائیں گے۔

اگر پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا 3-2 سے کامیاب ہوا تو اس کا ایک پوائنٹ بڑھے گا جس کی بدولت وہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی جبکہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گا۔