- الإعلانات -

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے بورڈ منظوری کے بغیر 84 کروڑ اضافی خرچ کردیے

اسلام آباد: ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے ٹی ڈیپ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بورڈ کی منظوری کے بغیر ہی 84 کروڑ روپے اضافی خر چ کر ڈالے اتھارٹی کی جانب سے بورڈ سے اضافی اخراجات کی منظوری نہیں لی گئی۔

دستیاب دستاویز کے مطابق 2014-15کے دوران ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو 1ارب 10کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ دیا گیا تھا تاہم ٹی ڈیپ کے اخراجات اس سے کئی گنا زیادہ رہے، اتھارٹی کے اخراجات 1ارب 62کروڑ روپے سے زائد رہے۔

اس سے قبل 2013-14کے بجٹ میں بھی ٹی ڈیپ کی جانب سے یہ طریقہ کار اختیار کیا گیا اور اضافی رقم خرچ کرنے کے بعد بھی ٹی ڈیپ بورڈ کی منظوری نہیں لی گئی، 2013سے 2015کے دوران ٹی ڈیپ کے اخراجات اپنے مقررکردہ بجٹ سے زیادہ رہے اور دونوں مرتبہ اتھارٹی نے بورڈ سے اضافی اخراجات کی منظوری نہیں لی، 2سال کے دوران ادارے کا مجموعی بجٹ 2 ارب روپے سے زائد مقرر کیا گیا تھا جبکہ اخراجات 2 ارب 84کروڑ روپے رہے۔