- الإعلانات -

نواز شریف نیب کورٹ میں پیش نہیں ہونگے، گرفتار کرنا ہے تو کرلو، مریم نواز

پروگرام ٹو دی پوائنٹ کے میزبان منصور علی خان اور سینٹر اسٹیج کے میزبان رحمن اظہر سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے انتخابی مہم میں حکومتی وسائل کرنے کے الزام کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جن کو میدان میں آکر مقابلہ کرنے میں اپنی ہار نظر آتی ہے تو وہ ایسے بہانوں کے پیچھے چھپتے ہیں، ان کا کام رونا دھونا ہے اور یہ کام وہ پچھلے چار پانچ سال سے کر رہے ہیں، اس کے علاوہ انھیں کوئی اور کام آتا نہیں ہے، ریلیوں میں سرکاری وسائل کی بات مضحکہ خیز ہے، کیا لوگوں میں جذبہ اور محبت سرکاری وسائل سے لائی جا سکتی ہے؟

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ اس الیکشن کو اس طرح دیکھتی ہیں کہ یہ ایک لکیر ہے جس کے ایک طرف ووٹ کی طاقت اور حرمت کھڑی ہے، دوسری طرف سازشی کھڑے ہیں، دائیں طرف نواز شریف کھڑا ہے جس پر مقدمات بنائے گئے ہیں جن کیلیے آسان راستہ یہ تھا کہ وہ چپ کر کے گھر میں بیٹھ جاتے لیکن انھوں نے اپنے لیے مشکل راستہ چنا، ڈرائنگ روم سے نکل کر لوگوں میں پہلی بار یہ بحث گئی کہ میرے ووٹ کی عزت ہے، میرے نمائندے کی جو میرا وزیراعظم ہے اور کروڑوں ووٹ لے کر آیا ہے اس کی عزت ہے، آپ اس کو اقامہ جیسے مذاق پر نااہل قرار نہیں دے سکتے، اگر اس کو نااہل کرنا ہے تو اس کے کروڑوں ووٹوں کو نااہل کرنا ہو گا۔