- الإعلانات -

پی ایس ایکس میں دوسرے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبارے ہفتے کے دوسرے روزکے ایس ای 100 انڈیکس 412 پوائنٹس کے اضافے سے 43253 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس میں ہفتے کے مثبت آغاز کے بعد تیزی کا رجحان برقرار ہے جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس نے دوسرے روز 43200 پوائنٹس کی بالائی حد عبورکی۔

مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد کے ایس ای آل شیئر انڈیکس میں 250.50 پوائنٹس کی تیزی رہی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 759.71 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی کا کہنا تھا کہ ‘بیرونی ترسیلات، برطانیہ کی جانب سے جی ایس پی پلس اسکیم کے لیے تعاون کے اعلان اور سیمنٹ، تیل، آٹوز اور فرٹیلائزر نے مارکیٹ میں تیزی کے رجحان میں کلیدی کردار ادا کیا’۔

بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 49.64 پوائنٹس کی تیزی سے 16422.35 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 58.29 پوائنٹس کے اضافے سے 17675.08 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پی ایس یکس میں مجموعی طور پر 21 کروڑ 85 لاکھ 70 ہزار حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 11 ارب 26 کروڑ 31 لاکھ 56 ہزار 111 روپے رہا۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 391 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 271 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 108 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 12 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رفحان میز پروڈکٹس ایکس ڈی کے حصص کی قیمت میں سب سے زیادہ تیزی دیکھی گئی جس میں 225.59 روپے کے اضافے سے 7486.30 روپے پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں سب سے زیادہ کاروبار دوست اسٹیل لمیٹڈ کا ہوا جس کے 2 کروڑ 72 لاکھ 87 ہزار حصص کا کاروبار ہوا، ورلڈ کال ٹیلی کام کے 1 کروڑ 64 لاکھ 11 ہزار 500 حصص کی لین دین ہوئی۔

ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے ایک کروڑ 55 لاکھ حصص، عائشہ اسٹیل مل کے ایک کروڑ 4 لاکھ اور پیس پاک لمیٹڈ کے 93 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔