- الإعلانات -

پی ایس ایل فکسنگ سے شرجیل جیسا بہترین کرکٹر ضائع ہوگیا، سرفراز احمد

لاہور: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس سے شرجیل خان جیسا بہترین کرکٹر ضائع ہوگیا۔

لاہور میں اسپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ لمبی پلاننگ نہیں کرتا، ایک میچ اور سیریز پر توجہ دیتا ہوں، پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے اپنے پیش رو مصباح کی طرح فتوحات حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ مصباح الحق پاکستان کی ٹیسٹ تاریخ کے کامیاب ترین کپتان تھے،ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، تجربہ کار یونس خان کے نہ ہونے سے بھی فرق پڑے گا اور میرے لیے یہ ایک نیا چیلنج ہے، پوری کوشش کروں گا کہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کی طرح طویل فارمیٹ میں بھی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے، کسی بھی طرز کے کھیل میں کپتان اکیلا کچھ بھی نہیں کرسکتا، ہر کھلاڑی کا کردار اہم ہوتا ہے،سب پلیئرز کو ساتھ لے کر چلوں گا۔