- الإعلانات -

امریکا کی وجہ سے ہی جوہری ہتھیار بنانے پڑ رہے ہیں، شمالی کوریا

نیویارک: شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی طور پر ان فٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی اور نہیں بلکہ ڈونلڈ  ٹرمپ خود کش مشن پر ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا ایک ذمہ دار ریاست ہے اور وہ اپنی جوہری صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا خواہش مند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں، وہ طاقت کے نشے میں ہیں، امریکا کی وجہ سے ہی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار بنانے پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو بہت جلد حتمی شکل دینے والا ہے۔ ری یونگ نے کہا کہ امریکا نے شمالی کوریا اور اس کے اتحادیوں پر پابندیاں عائد کیں لیکن ان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ سوچ انتہائی احمقانہ ہے کہ پابندیوں سے شمالی کوریا کو اس کے مشن سے روکا جاسکتا ہے۔