- الإعلانات -

ماہرہ خان کی وائرل تصاویر،پاکستانی فنکاروں کا ملا جلا ردعمل

ماہرہ خان کی نیو یارک میں رنبیر کپور کیساتھ سگریٹ پیتے ہوئے تصاویر پر پاکستانی فنکاروں نے اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بھارتی اداکار رنبیر کپور کی سگریٹ پیتے ہوئے وائرل ہونیوالی تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچا دیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کی تنقید اور وائرل ہونیوالی تصاویر پر ماہرہ کا تو کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم شوبز سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکار ماہرہ کی حمایت میں کود پڑے، جن میں علی ظفر، مومنہ مستحسن ودیگر شامل ہیں۔ علی ظفر نے ماہرہ خان کی پرسنل زندگی پر تنقید کرنیوالوں کیلئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا کہ ہم سب کو کیا ہوگیا ہے؟ ہر عورت کو زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق حاصل ہے۔ مومنہ مستحسن نے کہا کیا ہم ماہرہ خان کو تھوڑا وقت دے سکتے ہیں، ہم لوگ کیوں فوراً کسی کو بھی جج کرنا اور اس پر حملے کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ماہرہ خان کی اپنی زندگی ہے اور وہ اپنی زندگی میں جو کچھ بھی کرے یہ اس کا حق ہے۔ حمزہ علی عباسی نے کہا مشہور شخصیات کی نجی زندگی کے بارے میں بات کرنا اور ان باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا بدقسمتی سے شوبز کے ” بزنس ” کا حصہ ہے۔ میری درخواست ہے کہ کسی کی نجی زندگی کے بارے میں افواہیں پھیلانا بند کریں۔ حمائمہ ملک نے ٹویٹ کیا آپ سگریٹ نہیں پی سکتے، باہر نہیں جا سکتے، اپنی مرضی کا لباس نہیں پہن سکتے کیونکہ آپ مشہور ہیں، واہ یار حد ہے۔ دوسری جانب میرا نے الزام عائد کر دیا کہ ماہرہ خان نشے کی عادی ہیں۔ لیلیٰ کا کہنا تھا فنکار اپنے ملک کے سفیر ہیں، اگر وہ کوئی غیراخلاقی حرکت کریں گے تو اس کا نقصان اُن کے علاوہ ملک کو بھی ہوتا ہے۔