- الإعلانات -

شام میں روسی طیاروں کی بمباری سے باغی گروپ کے 45 ارکان ہلاک

ادلب: شام میں روسی طیاروں کی فضائی بمباری کے نتیجے میں باغی گروپ کے 45 ارکان ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی طیاروں نے شام کے صوبے ادلب کے گاؤں تل مردیخ میں ترکی کے حمایت یافتہ باغی گروپ فیلق الشام کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا۔ شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ روسی طیاروں نے اس گروپ کو نشانہ کیوں بنایا کیوں کہ یہ گروپ ماسکو کی سربراہی میں قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے والے امن مذاکرات کا حصہ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فضائی حملہ اس علاقے میں کیا گیا جسے شامی حکومت، ایران، روس اور ترکی نے مشترکہ طور پر جنگ سے پاک زون قرار دیا تھا۔ فیلق الشام کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ اس کے مصر میں کالعدم تنظیم اخوان المسلمون سے قریبی تعلقات ہیں اور یہ ماضی میں القاعدہ سے وابستہ تنظیموں کے خلاف جنگ لڑ چکی ہے۔