- الإعلانات -

بھارت نے اپنے فوجی افغانستان بھیجنے سے انکار کردیا

نئی دہلی: بھارت کا کہنا ہے کہ اس نے امریکا کو واضح طور پر یہ پیغام دے دیا ہے کہ کسی صورت میں بھارتی زمینی افواج کو افغانستان نہیں بھیجا جائے گا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں موجود امریکی وزیردفاع جیمز میٹس نے اپنی بھارتی ہم منصب نرمالا سیتھارامن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع نرمالا سیتھارامن نے کہا کہ بھارت کسی صورت میں اپنی فوج کو افغانستان نہیں بھیجے گا البتہ افغان فورسز کی تربیت اور انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت مختلف شعبوں میں افغانستان کے ساتھ طویل عرصے سے تعاون کررہا ہے تاہم یہ تعاون تعمیراتی شعبوں میں ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے وسعت بھی دی جاسکتی ہے، البتہ ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بھارتی فورسز کو لڑائی کے لیے افغانستان نہیں بھیجا جائے گا۔