- الإعلانات -

سابق وزیر داخلہ کے اختیارات پر کسی کو بیان دینے کی ضرورت نہیں، ترجمان چوہدری نثار

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ترجمان نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ داخلہ کے اختیارات اور عمل داری سے متعلق کسی کو خود ساختہ بیان دینے کی ضرورت نہیں۔

نجی نیوز چینل پر وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی نشر ہونے والی بات پر چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان مکمل طور پر بااختیار وزیرِداخلہ تھے، ان کے ماتحت تمام ادارے بشمول سول آرمڈ فورسز ان کے سامنے جواب دہ تھے۔ سابق وزیر داخلہ کے 4 سالہ دور میں وزارت داخلہ کے کسی ذیلی ادارے نے نہ تو اختیارات سے تجاوز کیا اور نہ ہی کوئی ادارہ کبھی وزیرِ داخلہ کی حکم عدولی کا مرتکب ہوا۔

ترجمان چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وزارتِ داخلہ اور ذیلی اداروں پر سابق وزیرِ داخلہ کی عمل داری کے حوالے سے بیان حقائق پر مبنی نہیں لہذا سابق وزیر داخلہ کے اختیارات اور عمل داری سے متعلق کسی کو خود ساختہ بیان دینے کی ضرورت نہیں۔