- الإعلانات -

شام میں امریکی عسکری اتحاد کی بمباری میں 18 شہری جاں بحق

دمشق: شام کے شہر رقہ میں امریکی عسکری اتحاد کے فضائی حملے میں 4 بچوں سمیت 18 شہری جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش کے سابق گڑھ رقہ میں امریکی عسکری اتحاد نے فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 18 عام شہری جاں بحق ہوگئے۔ شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز اور اس کے اتحادی کرد اور عرب جنگجوؤں نے رواں برس جون میں رقہ میں داعش کے خلاف مزاحمت شروع کی تھی اور اب تک رقہ کے 90 فیصد علاقے کو داعش سے پاک کرایا جاچکا ہے۔ اس مزاحمت کے دوران امریکی عکسری اتحاد کی فضائی معاونت بھی حاصل رہی تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی بمباری میں سیکڑوں عام شہری ہلاک اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔