- الإعلانات -

لاس ویگاس کنسرٹ حملہ آور کے پاس 48 ہتھیاروں کی موجودگی کا انکشاف

لاس ویگس: امریکی شہر لاس ویگاس میں گزشتہ روز میوزک کنسرٹ پر فائرنگ کرنے والے شخص کے پاس مختلف اقسام کے 48 جدید اور خودکار ہتھیاروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق لاس ویگاس کی پولیس اور خفیہ ایجنسیاں امریکی تاریخ کی بدترین خونریزی کے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اب تک اس بات کا پتہ نہیں لگا سکے کہ ملزم کے اصل مقاصد کیا تھے۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا ہے کہ 64 سالہ  اسٹیفن پیڈک  کے پاس پائلٹ اور شکار کرنے کے لائسنس تھے لیکن اس کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ملا۔ ملزم ایک مالدار سابق اکاؤنٹنٹ تھا لیکن ماضی میں اس کا باپ بینک ڈکیتی کا مرتکب پایا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  ملزم مینڈلے بے ہوٹل کی 32 ویں منزل پرمقیم تھا جہاں سے اس نے احاطے میں موجود ہزاروں لوگوں پر فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد پولیس نے جب کمرے کا دروازہ توڑا تو ملزم مردہ حالت میں پایا گیا جس پر پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں پر فائرنگ کے بعد ملزم نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔